حکمراں و اپوزیشن جماعتیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر عوامی مسائل کے حل کی جدوجہد کریں، ایم ڈبلیو ایم کراچی

23 اپریل 2017

وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل سید میثم رضا عابدی و دیگر رہنماوں نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور سیاسی جماعتیں سیاسی و جماعتی مفادات سے بالاتر ہو کر کراچی سمیت صوبے بھر کی عوام کو درپیش بحرانوں اور مسائل کو حل کرنے کیلئے جدوجہد کریں، صرف بیان بازی اور پوائنٹ اسکورنگ کے ذریعے بے حال عوام کے زخموں پر نمک پاشی سے پرہیز کریں، ان خیالات کا اظہار رہنماوں نے وحدت ہاو س کراچی میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں ڈویژنل سیکریٹری جنرل میثم عابدی، علامہ مبشر حسن، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور،علامہ اظہر نقوی، علامہ سجاد شبیر رضوی، علامہ احسان دانش، تقی ظفر و دیگر رہنماءبھی موجود تھے۔

اس موقع پر رہنماوں نے کہا کہ کراچی سمیت صوبے کو اس وقت دہشتگردی، پانی، لوڈشیڈنگ، بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، صحت و صفائی ستھرائی کی تباہ کن صورتحال، بے روزگاری سمیت کئی بحرانوں اور مسائل کا سامنا ہے، پیپلز پارٹی اور اسکی سندھ حکومت سے لیکر تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں بحرانوں اور مسائل کو حل کرنے کے بجائے صرف سیاست کرتی نظر آ رہی ہیں، جبکہ ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں کراچی سمیت سندھ بھر کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے تمام تر سیاسی ،مسلکی ،لسانی، علاقائی تعصبات اور ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کر مل کر جدوجہد کرتے، مگر حکمران جماعت سے لیکر اس کی مخالف جماعتوں نے مسائل کے حل کے بجائے ایک دوسرے کو نیچا دکھا کر ذاتی و سیاسی مفادات کے حصول پر توجہ مرکوز رکھی ہوئی ہے، لیکن کوئی مسائل کے حل کرنے میں سنجیدہ نہیں۔

رہنماو ں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر کی عوام بنیادی انسانی ضروریات تک سے محروم ہیں، کراچی کی سڑکیں مونجوداڑو کا منظر پیش کر رہی ہیں، جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، عوام بجلی اور پانی کے مسائل کا شکار ہے، کے الیکٹرک کی اووربلنگ اور جعلی بلنگ کی وجہ سے ہر شہری اور تاجر پریشان ہے، لہٰذا اگر سیاسی و مذہبی جماعتیں عوام سے مخلص ہونے کا دعویٰ کرتی ہیں تو انہیں عوام کو مسائل سے چھٹکارہ دلا کر اس دعوے کی صداقت کا ثبوت دینا ہوگا، ورنہ عوامی مسائل پر سیاست کرنے والی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کو آئندہ عام انتخابات میں عوام بری طرح مسترد کر دیں گے۔



اپنی رائے دیں



مجلس وحدت مسلمین پاکستان

مجلس وحدت مسلمین پاکستان ایک سیاسی و مذہبی جماعت ہے جسکا اولین مقصد دین کا احیاء اور مملکت خدادادِ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے عملی کوشش کرنا ہے، اسلامی حکومت کے قیام کے لیے عملی جدوجہد، مختلف ادیان، مذاہب و مسالک کے مابین روابط اور ہم آہنگی کا فروغ، تعلیمات ِقرآن اور محمد وآل محمدعلیہم السلام کی روشنی میں امام حسین علیہ السلام کے ذکر و افکارکا فروغ اوراس کاتحفظ اورامر با لمعروف اور نہی عن المنکرکا احیاء ہمارا نصب العین ہے 


MWM Pakistan Flag

We use cookies to improve our website. Cookies used for the essential operation of this site have already been set. For more information visit our Cookie policy. I accept cookies from this site. Agree