وحدت نیوز (ہنگو) مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور ترجمان علامہ سید عبدالحسین الحسینی نے پاکستان سے دہشتگردوں کی شام روانگی کی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اس حوالے سے فوری طور ایکشن لے، امریکہ اور اسرائیل کی پشت پناہی سے شام میں جاری بغاوت اور قتل و غارت گری میں ملوث ہونے سے اسلام کے نام پر نام نہاد جہاد کرنے والوں کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک طالبان پاکستان سمیت دیگر شدت پسند گروہوں کی پاکستان سے شام روانگی کی میڈیا رپورٹس پر جاری اپنے ایک بیان میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل کا اولین مقصد اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اقدامات ہیں، اسی تناظر میں شام میں امریکہ اور اسرائیل کی ایماء پر بغاوت شروع کی گئی، نام نہاد مجاہدین نے اس بغاوت کا حصہ بن کر ثابت کر دیا ہے کہ ان کی ڈوریں واشنگٹن اور یروشلم سے ہلتی ہیں۔
انہوں نے حکومت پاکستان کے کردار کو بھی اس حوالے سے تنقید کا نشانہ بنایا کہ افغانستان کے بعد اب اگر شام میں بھی پاکستان کی جانب سے مداخلت ہوئی تو دنیا میں پاکستان تنہاء رہ جائے گا، حکومت فوری طور پر دہشتگردوں کی شام روانگی کا نوٹس لے اور اس حوالے سے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے بعض عرب ممالک کے اقدامات کی بھی مذمت کی، جو شام میں مداخلت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شام شامیوں کا ہے، وہاں کوئی فرقہ وارانہ جنگ نہیں، بعض عرب ممالک نے امریکہ اور اسرائیل کی ملی بھگت سے اس جنگ کو شیعہ سنی جنگ قرار دینے کی سرتوڑ کوششیں کی ہیں، تاہم ان کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی۔
حکومت دہشتگردوں کی شام روانگی پر ایکشن لے، علامہ عبدالحسین