وحدت نیوز (ہنگو) شام میں روضہ بی بی زینب (س) پر تکفیری دہشتگردوں کی جانب سے راکٹ حملہ کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی کال پر ہنگو میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نماز ظہرین کے بعد ہونے والے اس احتجاجی مظاہرہ میں شریک افراد نے پلے کارڈز اور بنیرز اٹھا رکھے تھے، جن پر روضہ اقدس حضرت زینب (س) پر حملہ کے خلاف نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے شامی دہشتگردوں، امریکہ اور اسرائیل کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کی۔
مجلس وحدت مسلمین ضلع ہنگو کے سیکرٹری جنرل علامہ ارشاد علی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں بی بی زینب (س) کے روضہ پر حملہ امت مسلمہ کے ان بے ضمیر حکمرانوں کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے جو امریکہ اور اسرائیل کی ایماء پر شام میں جاری بغاوت کی حمایت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلم ممالک جو شام میں جاری بغاوت کی حمایت اور دہشتگردوں کو اسلحہ فراہم کر رہے ہیں، وہ درحقیقت اسلام دشمنی کا کھل کر مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان سے دہشتگردوں کی شام روانگی پر حکومت پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے دہشتگردوں کی ترسیل کو نہ روکا تو یہ پاکستان کیلئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقت آگیا ہے کہ امت مسلمہ یک زباں ہوکر شام میں جاری بغاوت کیخلاف موقف اپنائے اور امریکی و اسرائیلی ایماء پر جاری نام نہاد جہاد کیخلاف عملی اقدامات کرے۔