وحدت نیوز(ہری پور) وطن عزیز کی سرزمین کو ایک دفعہ پھر بے گناہ انسانوں کے خون سے رنگین کرنے کی ایک اور گھناؤنی حرکت نے ہر صاحب فکر و نظر کی روح کو لرزا کر رکھ دیا۔ ہمارا مذہب اسلام قطعاً اس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ کسی بھی انسان کو بغیر کسی جرم کے تکلیف دی جائے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین ضلع ہری پور کے سیکرٹری جنرل سید اسرار حسین نقوی نے وحدت نیوزکے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ پاکستان کے معصوم شہریوں کو خون میں نہلا رہے ہیں، اسلام کیا وہ تو کسی بھی دین و مذہب سے تعلق نہیں رکھتے۔ مظلوم چاہے مسلمان ہو یا غیر مسلم ہم ہر صورت میں اس کی حمایت کرتے ہیں اور بھرپور انداز میں حکومت وقت سے یہ اپیل کرتے ہیں کہ خدارا وطن عزیز کے ہر شہری کو اس کا حق تحفظ دیا جائے۔ حکومت وقت اور ریاست کے ذمہ دار اداروں سے مطالبہ ہے کہ سانحہ گرجا گھر میں ملوث درندہ صفت دہشت گردوں کے پالنے والوں بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔