وحدت نیوز(ہری پور) مجلس وحدت مسلمین ضلع ہری پور کے معروف شیعہ رہنما و ڈپٹی ڈائریکٹر بیت المال ہری پور نیئر حسین جعفری قاتلانہ حملے میں شدید زخمی، فوری طبی امداد کے لئے ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا، آخری اطلاعات آنے تک حالت خطرے سے باہر بتائی گئی، تفصیلات کے مطابق نیئر حسین جعفری رات 12 بجکر 15 منٹ پر رحمانیہ روڈ ہری پور سے اپنے گھر کی طرف جا رہے تھے کہ مسلح دہشت گرد نے فائرنگ شروع کر دی، جس سے نیئر حسین جعفری شدید زخمی ہوگئے، قریب سے گزرتے موٹر سائیکل سوار نے زخمی حالت میں ہری پور ہسپتال پہنچایا، جہاں سے انہیں ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ نیئر جعفری کا شمار ضلع ہری پور کے سرگرم رہنماوں میں ہوتا ہے، ان کی اہلیہ خانم راضیہ جعفری ایڈووکیٹ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین صوبہ خیبرپختونخوا کی سیکرٹری جنرل ہیں۔ مختلف حلقوں کی طرف سے دہشت گردی کے اس واقعہ کی پرزور مذمت کے ساتھ ساتھ قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔