وحدت نیوز(جعفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی اور صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے ضلع جعفر آباد بلوچستان کے قصبہ بشام خان لہر کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ مکانات کا سروے کیا۔ اس موقع پر متاثرین سیلاب میں کپڑے اور راشن تقسیم کیے گئے۔ یہ قصبہ گذشتہ تین ماہ سے سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے بستی کے اکثر مکانات زمین بوس ہو چکے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیلاب متاثرین سردی کے اس موسم میں ٹوٹے گھروں اور خیموں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ موسم سرما کے باعث متاثرین سیلاب کو گرم کپڑے اور کمبل کی اشد ضرورت ہے۔ حکومت اور فلاحی ادارے متاثرین سیلاب کی مکمل بحالی تک امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ متاثرین سیلاب کو گندم اور سرسوں کی کاشت کے لئے بیج اور کھاد فراہم کیا جائے۔ اور ان کے مکانات کی تعمیر کے لئے معاونت کی جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین حتی المقدور متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے کوشاں ہے۔ ہم معاشرے کے محروم اور مستضعف طبقات کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھتے ہیں۔