وحدت نیوز(جھل مگسی)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام ملک گیر توسیع تنظیم مہم کے سلسلے میں ایم ڈبلیو ایم بلوچستان کی جانب سے مختلف اضلاع، تحصیلوں اور یونٹس کے دورہ جات کا سلسلہ جاری ہے۔ مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر علامہ سہیل اکبر شیرازی نے تحصیل جھل مگسی کے دورہ کے دوران نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توسیع تنظیم مہم کا مقصد یونٹس کی فعالیت کو بہتر بنانا اور کارکنوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دینا ہے۔ رجب المرجب کے بابرکت مہینے میں ہمیں خود سازی پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تنظیمی کارکنان کی اخلاقی کردار سازی کے لئے یونٹس میں دعائیہ اور اخلاقی دروس کے پروگرامز کا انعقاد نہایت ضروری ہے۔ بلوچستان بھر میں یونٹس کو مضبوط بنانے اور نئے یونٹس کے قیام کے لئے دورہ جات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اچھے نتائج حاصل ہونگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی توہین مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث بنی ہے۔ توہین آمیز واقعات کی مذمت کرتے ہوئے سویڈش حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شدت پسند تنظیم پر پابندی عائد کرتے ہوئے واقع میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔