وحدت نیوز(کوئٹہ)مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے نائب صدر اور امیدوار برائے صوبائی اسمبلی پی بی 42 علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور علاقہ مکینوں کو صحت کے بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوششیں کریں گے۔ معاشرے کی ترقی کے لئے زندگی کے تمام شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ کے علاقہ گلستان ٹاؤن میں انتخابات کے حوالے سے منعقدہ کارنر میٹنگ کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ ولایت حسین جعفری، ارباب لیاقت علی ہزارہ، حاجی غلام حسین اخلاقی اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی حسنین حسینی نے کہا کہ الیکشن میں کامیابی کی صورت میں کوئٹہ سے دیگر شہریوں میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے جانے والے خواہران کے لئے پاکستان کے مختلف شہروں میں ہاسٹل اور دیگر سہولیات کا اہتمام کرنا چاہتے ہیں۔ تاکہ خواہران تعلیم کے لئے جہاں جائیں، انکے لئے سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے صحت کے شعبے کی بہتری کیلئے بھی کام کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی بی 42 کے ہسپتالوں میں شعبہ حادثات کو فعال کریں گے اور ضروری سہولیات فراہم کیا جائے گا تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں حلقے کے عوام کو آسانیاں میسر ہوں۔