وحدت نیوز(کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے زیر اہتمام ایم ڈبلیو ایم ہزارہ ٹاؤن آفس میں شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، آیت اللہ سید محمد علی آل ہاشم اور دیگر شہداء کی یاد میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا۔ تعزیتی ریفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی وائس چیئرمین علامہ سید احمد اقبال رضوی، مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، صوبائی نائب صدور علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، علامہ علی حسنین حسینی، علامہ سید عباس موسوی، پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ و دیگر نے خطاب کیا۔ جبکہ تعزیتی ریفرنس میں ڈپٹی کونسل جنرل مہدی شائقی، ہزارہ ٹاؤن کے علمائے کرام اور ایم ڈبلیو ایم ہزارہ ٹاؤن و علمدار روڈ کے ذمہ داران شریک ہوئے۔
اس موقع پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید احمد اقبال رضوی نے کہا کہ آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کو پاکستانی عوام سے خصوصی محبت تھی۔ جس کا انہوں نے دورہ پاکستان کے موقع پر اظہار بھی کیا۔ ابراہیم رئیسی شہید ایک مجاہد اور انتھک عالم دین تھے، جنہوں نے مذہب و ملت کی خدمت کو اپنے لئے اعزاز سمجھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مظلوم فلسطین ہی کے نام پر امت مسلمہ متحد ہو جائے تو دنیا کی بڑی قوت بنتی ہے۔ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی زاہدانہ زندگی ان کے ملک و ملت سے اخلاصِ کی دلیل ہے۔ عصر حاضر میں جب لوگ مال دنیا کے پیچھے ہیں، صدر ابراہیم رئیسی کی زندگی کسی معجزے سے کم نہیں۔ عظیم لوگ انفرادی مفادات، بینک بیلنس بنانے کی بجائے قوم و ملک کے لئے سوچتے ہیں۔ شہید رئیسی نے عالم اسلام کے درمیان قربتیں پیدا کیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آیت اللہ ابراہیم رئیسی اتحاد بین المسلمین کے علمبردار اور مظلوموں کے حامی تھے۔ مظلوم فلسطین کے حق میں آپ نے ہمیشہ موثر آواز بلند کی۔ اقوام متحدہ میں عظمت قرآن کریم کی وکالت کرکے آپ نے اسلام دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ نے کہا کہ شہید آیت اللہ ابراہیم رئیسی نے دو برادر ہمسایہ اسلامی ممالک پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کا فروغ چاہتے تھے۔ عالم کفر ان کے اسلامی و انقلابی افکار سے خائف تھا۔ صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ ہر دور میں اہل حق نے خدا کی راہ میں قربانیاں دی ہیں۔ حضرت ہابیل علیہ السلام سے لے کر شہید رئیسی تک ہر دور کے اہل حق شیطان پرستوں کے ظلم کا نشانہ بنے ہیں۔