وحدت نیوز (کوئٹہ ) مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ اب عوام حکمران طبقے کی کرپشن اور عوامی حقوق غضب کرنے کا نتیجہ جان چکے ہیں۔عوامی بیداری اور شعور کسی انقلاب کا پیش خیمہ ہوسکتی ہے۔ سیاست سے متعلق عوام میں شعور بیدار کرنے پر آزادی و انقلاب مارچ کے رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ 30 نومبر کو پی ٹی آئی کے جلسے کو روکنے کیلئے نواز لیگ اوچھے ہتھکنڈے اور غیر جمھوری طریقے استعمال کرنے سے گریز کرے۔امریکہ نے پاکستان میں ہمیشہ آمروں اور جابروں کی حمایت کی،امریکہ کی جانب سے نواز حکومت کی حمایت کو بھی ملکی معاملات میں مداخلت سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ وطن کے با وفا بیٹے پاکستان کو امریکی غلامی سے نکالنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔یہ امریکہ اور اسرائیل ہی ہیں جنھوں نے اس ملک میں دھشت گردی فرقہ واریت اور نفرتوں کی آگ لگائی۔شیطان بزرگ سے ہمیں کسی خیر کی امید نہیں۔
انہوں نے کہاکہ تمام محب وطن قوتیں مل کر امریکہ سے نجات کیلئے گو امریکہ گو تحریک چلائیں۔امریکہ سے پاک پاکستان جنت نظیر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معاملات میں امریکی مداخلت قبول نہیں پاکستانی قوم غیر ملکی مداخلت کے بغیر اپنے مسائل اور معاملات حل کرنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے۔ دہشت گرد تنظیموں سے متعلق امریکی کردار مشکوک ہے۔ امریکہ اپنی انسان دشمن پالیسیوں کی بدولت اقوام عالم میں نفرت کی علامت بن چکا ہے۔