وحدت نیوز (کوئٹہ) مجلس وحدت مسلمین کے رہنماور بلوچستان اسمبلی کے رکن آغا رضا نے کہا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ہم شکریہ کے مستحق نہیں، خدمت ہمارا نصب العین ہے، ہم عوامی نمائندے ہیں اور عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں مجلس وحدت مسلمین کے ایم پی اے آغا رضا نے مظفر کالونی کا دورہ کیا اور اپنے ترقیاتی کام کا جائزہ لیا، ایم پی اے آغا رضا کی جانب سے مظفر کالونی میں ٹائلز لگوائے جا رہے ہیں اور کام اپنی تکمیل تک بھی پہنچ چکا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے کونسلر کربلائی رجب علی،سیکریٹری اسپورٹس ضیا الدین اور دیگر نمائندے بھی آغا رضا صاحب کے ہمراہ تھے۔ آغا رضا کی آمد پر محلہ مکینوں نے بے حد خوشی کا اظہار کیا اور آغا رضا کے ساتھ علاقہ مکینوں نے بھی گلیوں کا دورہ کیا۔ آغا رضا صاحب نے علاقے کے معززین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس سال کا پہلا کام انہی کے علاقے سے شروع کیا گیا ہے اور اسی طرح یہ کام آگے بڑھے گا اورپورے پی بی 2 کے گلیوں کو ٹائلز لگوائے جائیں گے۔ اس پر علاقہ مکینوں نے اطمنان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے پہلے گلیوں کی حالت بے حد خستہ حال تھی اور کسی کو یہاں کی کوئی فکر ہی نہیں رہتی تھی، علاقہ مکینوں کو اپنی مدد آپ کے تحت یہاں کا کام کروانا پڑتا تھا اور ایسا لگتا تھا کہ ہمارے علاقے کا کوئی نمائندہ ہے ہی نہیں۔ ہمارے علاقے کو مکمل طور پر نظر انداز کر لیا گیا تھا اور یہ پہلی مرتبہ ہے کہ کسی ایم پی اے نے اس علاقے کا دورہ کیا ہے اور ہمارے مسائل سنے ہیں۔ علاقہ مکینوں نے اپنے مزید مسائل آغا رضا صاحب کے خدمت میں پیش کیا اور ان سے مطالبہ کیا کہ ان مسائل کو بھی حل کرا لیا جائے، آغا رضا نے کہا کہ یہ میرا فرض ہے کہ تمام علاقوں کے عوام کے مسائل حل کرو ، میرا جتنا حق پی بی 2 کے دیگر علاقوں پر ہے اتنا ہی حق یہاں بھی ہے ۔ علاقہ مکینوں نے کہا کہ آغا رضا نے یہاں تشریف لاکر ہمیں احساس محرومی سے نجات دلایا ہے، ہمیں اس بات کی خوشی ہے کہ ہمارے علاقے میں بھی ملک کے دیگر حصوں کی طرح کام ہو رہا ہے اور ہم سب محلے والے بھی آغا صاحب کے پروجیکٹس میں انکے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے۔ آغا رضا نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، ہم نے ہمیشہ بغیر کسی لسانی ، قومی یا مذہبی تفریق کے ، تمام افراد کی خدمت کی ہے اور آئیندہ بھی ہم ایسے ہی خدمت کرتے رہیں گے۔