وحدت نیوز(گلگت) نواز حکومت کے دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کے بلند بانگ دعوے صرف دکھاوے کے ہیں عملی طور پر دہشت گردوں کے خلاف وفاقی حکومت موثر کاروائی سے گھبراہٹ کا شکار ہے۔سول حکومتیں عوام کو دہشت گردوں کے حملوں سے تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہیں، عوام کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کو ٹیک اور کرنا چاہئے۔اس ملک کے عوام آرمی پبلک سکول کے واقعے کے غم میں ڈوبی ہوئی تھی کہ اچانک سانحہ شکار پور اور پھر آج حیات آباد کا دلسوز سانحہ کسی مصیبت سے کم نہیں۔ حکمران صرف مذمتی بیان تک ہی محدود رہتے ہیں ان نام نہاد حکمرانوں سے دہشت گردوں کے خلاف کسی کاروائی کی توقع رکھنا عبث اور فضول ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل شیخ عاشق حسین ناصری نے شہید کیپٹن ضمیر حسین چوک گلگت پر سانحہ پشاور کے خلاف احتجاجی مظاہر ے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتوں کا کام مذمت کرنا نہیں بلکہ دہشت گردوں کی مرمت کرنا ہوتا ہے، ہمارے حکمران ایک عام آدمی کی طرح کسی بھی واقعے کے فوراً بعد ایک مذمتی بیان دیکر خاموش ہوجاتے ہیں حالانکہ حکومت کا اصل کام عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہے جس سے یہ حکمران دانستہ چشم پوشی کرتے آئے ہیں اور اپنے مفادات کے تحفظ کی خاطر درپردہ دہشت گردوں سے مراسم بناکے رکھے ہیں۔نواز حکومت کی ملک دشمنی کسی سے پوشیدہ نہیں اس کے باوجود آنکھیں بند کرکے ان کے اقتدار کو مزید طول دینا ملک دشمنی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج از خود نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے پورے ملک میں موجود دہشت گردوں اور ان کے سیاسی و مذہبی ہمدردوں جن کی رسائی ایوانوں تک ہے کے خلاف بے رحمانہ آپریشن کرے نیز لال مسجد کے خطیب جیسے بہت سے ملک دشمن ملا پورے ملک میں کھلے عام دہشت گردوں کی حمایت کررہے ہیں کے خلاف موثر کاروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آیا کہ پاک فوج اپنا کردار ادا کرے اور ایسی سول حکومتوں سے جو عوام کو جان ومال کے تحفظ میں ناکام ہیں ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نجات دلوائے تو قوم پر بہت بڑا احسان ہوگا۔