وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پاکستان کے نامور عالم دین ، مفسر قرآن شیخ محسن علی نجفی کو شیڈول فور میں ڈالنا اور انکے اکاونٹس کو منجمد کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ شیخ محسن نجفی تمام مکاتب فکر کے لیے قابل احترام شخصیت انکے خلاف اقدام نواز حکومت کی بوکھلاہٹ اور ناعاقبت اندیشی ہے۔ انہوں نے اپنی تاریخ میں ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کے لیے عملی جدوجہد کیے اور پاکستان کی نظریاتی بنیادوں کو مضبوط کرنے کی کوشش کی انکو شیڈول فور میں ڈالنا اس بات کی دلیل ہے کہ الیکشن پلان کے رخ کو محب وطن پاکستانیوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔آغا علی رضوی نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے نام پر نواز حکومت محب وطن پاکستانیوں کو نشانہ بنا رہی ہے ۔ نواز حکومت پہلے ایکشن پلان کی آڑ میں سیاسی مخالفین کو دیوار سے لگانے کی کوشش کر تی تھی اب تمام دہشتگرد مخالف اور اتحاد بین المسلمین کے لیے کام کرنے والے علماء کے خلاف کارروائی کر رہی ہے۔ انکا یہ عمل کن طاقتوں کو خوش کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شیخ محسن علی نجفی کو فوری طور شیڈول فور سے خارج کرکے انکے منجمد اکاونٹس کو کھول دیا جائے بصورت دیگر گلگت بلتستان بھر میں احتجاجی تحریک کا آغا ز کیا جائے گا۔