وحدت نیوز(سکردو) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے نیورنگاہ سکردو میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کربلا ظلم کے خلاف قیام اور خدا کی خوشنودی کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا نام ہے۔ دنیا میں ظالموں کے خلاف برسر قیام تحریکیں اور حریتیں پسند تحریکیں واقعہ کربلا کا نتیجہ ہے۔ کربلا نے مظلوموں کو ظالموں خلاف قیام کرنے کی جرائت بخشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ کربلا اتمام حجت ہے۔ اس واقعے کے بعد کسی کے لیے بہانہ نہیں رہتا کہ ظالموں کے ساتھ سمجھوتہ کرے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو بھی واقعہ کربلا سے درس لیتے ہوئے اسلامی اور انسانی اقدار کو محفوظ کرنے کے لیے قیام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کسی تاریخی ایام کے منانے کا نام نہیں بلکہ تجدید عہد کا نام ہے۔ہمیں چاہیے کہ واقعہ کربلا سے درس لیتے ہوئے وقت کے ظالموں اور یزیدوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور کسی بھی سطح پر دین پر آنچ آنے کی صورت میں ظالموں سے سمجھوتہ نہ کرے۔ آغا علی رضوی نے کہا کہ محرم الحرام جیسے مقد س مہینے میں ایبٹ آباد اور کراچی میں امام باگارہ کے متولیاں کی ٹارگٹ کلنگ انتہائی افسوسناک اور قومی ایکشن پلان پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں مجالس کے اجتماعات کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سیکیورٹی ادارے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ عزاداران بھی سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپورتعاون کرے۔