وحدت نیوز(گلگت) پاک چائنہ بارڈر پر کام کرنے والے چھوٹے کاروباریوں کو معاشی طور پر قتل کرنے سے حکومت باز رہے۔کسٹم حکام علاقے کے لوگوں کو بیروزگار کرنے والی پالیسی بند کرے،ایسے ناعاقبت اندیش فیصلوں سے بارڈر پر انارکی پھیلنے کا قوی امکان ہے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر علی گوہر نے کسٹم حکام کی چھوٹے کاروباریوں کو تنگ کئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خطے کے عوام کے خلاف حکومت کی بدنیتی قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے چھوٹے کاروباری پاک چائنہ بارڈر پر کام کرتے ہیں اور حکومت پر بوجھ بنے بغیر اپنا روزگار کماتے ہیں جس پر پابندی سے ہزاروں گھرانوں پر فاقوں کی نوبت آئے گی۔علاقے میں پہلے ہی بیروزگاری کا طوفان کھڑا ہے اور کوئی پرائیویٹ سیکٹر نہ ہونے کی وجہ سے غریب عوام کا متبادل ذرائع آمدن بھی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ علاقے کے پڑھے لکھے نوجوان سرکاری ملازمت نہ ملنے کی وجہ سے محدود پیمانے پر بارڈر ٹریڈ سے اپنا گزربسر کرتے ہیں ایسے حالات میں چھوٹے کاروباریوں پر پابندیاں عائد کرنا ان غریب عوام کے منہ سے نوالہ چھیننے کے مترادف ہے۔حکومت کی ایسی غریب کش پالیسی ناقابل برداشت ہے،مجلس وحدت مسلمین متاثرین کے تمام مطالبات کو جائز سمجھتی ہے اور کسی بھی قسم کے احتجاج میں چھوٹے کاروباریوں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ سے اس صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔