وحدت نیوز(گلگت) پیپلز پارٹی کے مقامی قائدین جنرل الیکشن میں بدترین شکست کھانے کے بعد ذہنی توازن کھو چکے ہیں۔پوری قوم سانحہ کوئٹہ، سانحہ پاراچنار اور کراچی کے شہداء کے غم میں ڈوبی ہوئی تھی اور پیپلز پارٹی نگر میں جلسے منعقد کرکے ان علماء کے خلاف ہرزہ سرائی میں مصروف تھے جو مظلوم پاکستانیوں کی حمایت میں سڑکوں پر دھرنے دیئے بیٹھے تھے۔
مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے کہا کہ بڑی جماعت کا دعویٰ کرنے والی جماعت کے قائدین مرکز میں دینی جماعتوں کے تلوے چاٹ رہے ہیں ۔ان کی جماعت کے رہنما پارٹی کی غلط پالیسیوں سے اختلاف کرکے خزاں کے پتوں کی طرح جھڑ رہے ہیں۔سو سو کھانے ہضم کرنے کے بعدکرپشن کے بے تاج بادشاہ آصف علی زرداری نے اپنے پیٹی بندھ بھائی نوازشریف کو بچایا ہے،یہ جماعت کس منہ سے نواز شریف لیگ کی مخالفت کا دعویٰ کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پیپلز پارٹی مذہبی جماعتوں کی مخالفت پر تلی ہوئی ہے چونکہ انہی مذہبی جماعتوں نے پیپلز پارٹی کے دور میں سانحہ کوئٹہ کے موقع پر دھرنا دیکر پیپلز پارٹی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کروایا تھا اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے تخت کو پائوں تلے روندھ ڈالا تھا جو کہ پیپلز پارٹی بھول نہیں پارہی ہے۔آج یہ مذہبی جماعتیں پاراچنار، کوئٹہ اور کراچی میں ہونے والی بربریت کے خلاف سراپا احتجاج تھے تو پیپلزپارٹی نے نگر میں جلسہ کرکے اُن قاتلوں کی ہم آواز بنکر ظلم و بربریت کے خلاف آواز اٹھانے والے علماء کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرکے ثابت کردیا کہ مظلوموں کے حقوق کی بات ان سے ہضم نہیں ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہداء کی سرزمین نگر کے باشعور لوگ پیپلز پارٹی کے دور میں ہونے والی ظلم و زیادتیوں کو نہیں بھولے ہیں اور بھاری اکثریت سے انہیں مستردکرکے ثابت کردینگے کہ لوگ اب ان کھوکھلے نعروں سے متاثر ہونے والے نہیں۔