وحدت نیوز (اسکردو) اسکردو میں اسد عاشوا مذہبی عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ عاشورا اسد کے موقع پر علم، تعزیے اور تابوت کے جلوس برآمد ہوئے۔ جلوس عزاء میں ہزاروں عزاداران نے نواسہ رسول حضرت امام حسین (ع) اور آپ کے اصحاب کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نوحہ خوانی، سینہ کوبی اور زنجیر زنی کی۔ عزاداران امام حسین (ع) مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے شبیہ قتل گاہ سکردو پہنچے جہاں پر تمام جلوس اختتام پذیر ہوئے۔ عاشورائے اسد کے موقع اسکردو پولیس کو پوری طرح الرٹ رکھا گیا تھا، ماتمی دستوں کی گزر گاہوں میں عزاداروں کے لئے سبیل امام حسین (ع) اور نیاز کے انتظامات کئے گئے تھے جبکہ کسی بھی ایمرجنسی کے لئے ریسکیو اور فرسٹ ایڈ پوسٹ بھی قائم کی گئی تھی۔
درایں اثناء اسد عاشورا کے موقع پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیر اہتمام مجلس عزا کا انعقاد حسینی چوک اسکردو پر کیا گیا۔مجلس عزا سے ڈویژنل صدر امتیاز عابدی، علامہ سید مبارک حسین موسوی اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے خطاب کیا۔ ہزاروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے کہا کہ پیغام کربلا ہر برائی اور فسق و فجور کے خلاف ڈٹ جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلتستان میں فسق و فجور کی ترویج کا ذریعہ بنی ہوئی ہے، حکومت اب بھی ہوش کے ناخن لے اور بلتستان میں موجود فسق و فجور، منشیات، بے راہ روی اور بدعنوانیوں کے خلاف اقدامات کرے۔ انہوں نے مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مظلوموں کی جماعت ہے اور مظلوموں اور محروموں کے حقوق کی جنگ لڑے گی۔ ہم بلتستان میں محکمہ تعلیم میں جاری بدعنوانیوں کو روکنے کے لیے تمام تر قانونی اقدامات اٹھائیں گے اور آئندہ کی نسل کو بدعنوان طبقوں سے نجات دیں گے۔