وحدت نیوز (گلگت) مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکرٹری جنرل علامہ نیئر عباس مصطفوی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے حجاج کرام کو وطن واپس لانے اور گمشدہ حجاج کو بازیاب کرانے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے، سانحہ منٰی کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے تمام اسلامی ممالک کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے۔ وزارت مذہبی امور اپنی ذمہ داری ادا کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے اور واقعے کو سات دن گزر جانے کے باوجود شہداء، زخمیوں اور لاپتہ افراد کی معلومات فراہم نہ کرکے وزارت مذہبی امور نے مجرمانہ غفلت کے مرتکب ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی حکام کی غفلت اور بدانتظامی کی وجہ سے ہزاروں حجاج کرام شہید ہوگئے، جس کی تمام تر ذمہ داری سعودی حکام پر عائد ہوتی ہے۔ سعودی حکام کی اس مجرمانہ غفلت کا پردہ چاک کرنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام اسلامی ممالک کے نمائندوں پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا جائے، جو واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری ملت اسلامیہ سوگوار ہے اور اپنے پیاروں کی ناگہانی موت پر نالہ کناں ہے، جبکہ سعودی حکام اپنے جرائم کو چھپانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور شہداء کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے میں لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ شہداء اور لاپتہ حجاج کرام کی فوری وطن واپسی کا بندوبست کرے۔