وحدت نیوز (گلگت) ہراموش روڈ پر مسافر گاڑی کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ہے صوبائی حکومت کی جانب سے اسے حادثہ قرار دینا دہشت گردوں کے آگے حکومت کا ہتھیار ڈالنے کے مترادف ہے۔وزارت داخلہ سے بار بار پیشگی اطلاع کے باوجود مقامی انتظامیہ سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات سے قاصر رہی ہے اور اپنی ناکامی کو چھپانے اور ملامت سے بچنے کی خاطر دہشت گردی کی اس واردات کو حادثہ قرار دے رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان محمد الیاس صدیقی اور غلام عباس سیکرٹری سیاسیات نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو واقعے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے کے مقام سے راتوں رات تمام شواہد کو مٹایا گیااور عجلت میں رات کے تیسرے پہر پریس کانفرنس کرکے اسے حادثہ قرار دینے سے علاقے کے عوام میں سخت بے چینی اور تشویش پائی جاتی ہے اور انتظامیہ کے اس اقدام سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی انتظامیہ کے ذمہ داران کی طرف سے جس جانبداری مظاہر ہ کیا جارہا ہے اس سے یوں لگ رہا ہے کہ انہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ سے کوئی غرض نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی انتظامیہ کے ذمہ دار میڈیا پر آکر شہداء کے لواحقین اور زخمیوں سے معافی مانگ لیں اور ان کے زخموں پر نمک پاشی کی بجائے اس بردلانہ کاروائی کے میں ملوث کرداروں کو بے نقاب کرکے مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔