وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری سیاسیات کاچو ولایت علی خان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں وطن عزیز پاکستان کے خزانے کو کرپشن کے ذریعے غیر معمولی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ عالم برج بلتستان کی شہہ رگ ہے اس پل کے ٹوٹنے کے واقعہ نے حکومت اور این ایچ اے کی کارکردگی کا پول کھول کے رکھ دیا ہے۔ عالم برج اور شہید پل اسکردو کی میعاد ختم ہو چکی ہے اور ان دونوں پلوں کو از سر نو تعمیر کرنے کی ضرورت ہے اگر ان دونوں پلوں پر کوئی حادثہ پیش آ جائے تو تمام تر ذمہ داری موجودہ حکومت پر عائد ہوگی۔ کاچو ولایت علی نے اپنے بیان میں کہا کہ گلگت بلتستان میں پلوں اور سڑکوں کی حالت نہ گفتہ بہ ہے اور سڑکیں قبرستان کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ کھرمنگ میں تاریخی اور افسوسناک سانحہ سانحہ کمنگو بھی سڑکیں ناقص ہونے کے باعث پیش آیا ہے۔ سانحہ کمنگو پر اب تک کسی تحقیق کا سامنے نہ آنا اور انکوائری نہ ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ ان سانحات کی ذمہ دار حکومت اور متعلقہ ادارے ہیں۔