وحدت نیوز ( گلگت) وفاق کی طرح گلگت بلتستان میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز باریاں لینے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں،مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی سے وفاداریاں نبھانے والے درباریوں پر مشتمل نگران حکومت کی تشکیل کرکے الیکشن کو ہائی جیک کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔پارٹی وفاداروں کو اہم ذمہ داریاں سونپ کر من پسند نتائج حاصل کرنے کی مسلم لیگ نواز اور پیپلزپارٹی کی خواہشات کو چکنا چور کردیا جائیگا۔
ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے سیکریٹری امور سیاسیات غلام عباس نے اپنے ایک بیان میں کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پارٹی وفادار افراد پر مشتمل نگران حکومت گلگت بلتستان کے عوام کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔مہدی شاہ حکومت وفاقی وزراء کرپشن کے ثبوت دکھاکر احتساب کے خوف میں مبتلا کرکے بلیک میل کررہے ہیں اور صوبائی حکومت سے اپنی مرضی کے فیصلے کروائے جارہے ہیں اور تمام معاملات میں صوبائی حکومت کو بائی پاس کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں بھی علاقے کی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لئے بغیر کی گئی ہے اور اس اہم ذمہ داری کو مسلم لیگ نواز سے وفاداری نبھانے والے لیگی متوالے کے سپرد کی گئی ہے۔ اسی طرح نگران حکومت کے سلسلے میں بھی یہی کچھ ہونے جارہا ہے جو کہ غیر آئینی اور غیر اخلاقی ہے اورعلاقے کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ان زیادتیوں کے خلاف گلگت بلتستان کے تمام سیاسی و مذہبی اور قوم پرست پارٹیوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گی اور اس سلسلے میں بہت جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائیگی۔