وحدت نیوز (اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری انتخابی مہم پر آج اسکردو پہنچ گئے، اسکردو ائیر پورٹ پر کارکنان کی بڑی تعداد نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، اسکردو کی فضا "راجہ ناصر قدم بڑھاو، ہم تمہارے ساتھ ہیں" کے پرتپاک نعروں سے گونجتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری انتخابی مہم پر آج سکردو پہنچ گئے، انکی آمد کے موقع پر ہزاروں کارکنان نے انکا پرتپاک استقبال کیاپوراشہر علامہ راجہ ناصرعباس کے استقبال کیلئےایئرپورٹ پر امنڈآیا،عینی شاہدین کے مطابق بلتستان کی تاریخ میں کسی لیڈرکا ایسا فقید المثال استقبال نہیں دیکھا گیا، اس موقع پر تاریخی ریلی بھی برآمد ہوئی، ریلی ائیر پورٹ اسکردو سے ہوتی ہوئی مجلس وحدت مسلمین کے ڈویژنل سیکرٹریٹ میں اختتام پذیر ہوئی، راستے بھر شہری علامہ راجہ ناصرعباس کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے بے تاب نظرآئے، جگہ جگہ استقبالی جلوس پر گل پاشی ہوئی، اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کی تقدیر بدلنے کا وقت آگیا ہے، اگر جی بی کے عوام نے ہوشیاری سے کام نہیں لیا تو پھر وہی جماعتیں برسر اقتدار آئیں گی، جنہوں نے اس خطے کو 67 سالوں سے بنیادی انسانی اور آئینی حقوق سے محروم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کو گلگت بلتستان کے حقوق چھیننے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان محروم عوام کو انکے حقوق دے کر دم لے گی۔