وحدت نیوز (گلگت) کراچی کا امن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت خراب کیا جارہا ہے ،سند ھ میں حکومت کہیں نظر نہیں آرہی ہے شہر میں دہشت گردوں کا راج ہے کراچی کو فوج کے حوالے کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے صوبائی ترجمان و امیدوار حلقہ 1 گلگت محمد الیاس صدیقی نے اتحاد چوک گلگت میں گزشتہ دنوں دہشت گردی کا شکار ہونے والے اسماعیلی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شمعیں روشن کرنے والے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو عوام کے جان و مال کے تحفظ سے کوئی سروکار نہیں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے بعد صرف ایک مذمتی بیان پر اکتفا کیا جاتاہے عملی طورپر دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے کوئی حکمت عملی اپنائی نہیں جاتی۔ حکومت کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھاکر دہشت گرد انتہائی منظم انداز میں سرگرم عمل ہیں اور غیر ملکی ایجنسیوں کے آلہ کار بن جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد وں نے شہروں میں کالعدم تنظیموں اور جماعتوں کے چھتری میں پناہ لے رکھی ہے جبکہ حکومت کالعدم جماعتوں کے خلاف کسی بھی قسم کی کاروائی سے گریزاں نظر آرہی ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کو صرف اپنے اقتدار سے غرض ہے اور ماضی میں انہی جماعتوں کی غلط پالیسیوں سے ملک کو اندرونی اور بیرونی خطرات سے دوچار ہونا پڑا۔انہوں نے پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی مکمل حمایت کرتے ہوئے اسے پورے ملک میں پھیلانے کا مطالبہ کیا۔