وحدت نیوز(اسکردو) مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ شیخ زاہد حسین زاہدی نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ چلاس میں پولیس تھانے پر مسلح حملہ ایک عظیم طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے اور اس واقعے کے بعد گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سکیورٹی ادارے خواب غفلت سے بیدار ہوجائیں، بالخصوص خفیہ ادارے شاہراہ قراقرم سمیت تمام اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر کڑی نظر رکھیں۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح دہشت گرد اپنا ردعمل گلگت بلتستان میں بھی دکھا سکتے ہیں، جسکا گلگت بلتستان متحمل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان انتظامیہ کےسکیورٹی کے حوالے سے اقدامات نہ ہونے کے برابر اور دہشت گردوں کا خیر مقدم کرنے کی مانند ہیں۔ انہیں نہ آپریشن کی فکر ہے اور سکیورٹی خطرات کی، بلکہ وہ بلتستان کے امن کو تباہ کرنے کے لیے در پردہ مصروف عمل ہیں۔ اسوقت بلتستان کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی ضرورت ہے، یہاں کی سکیورٹی اقدامات اطمینان بخش نہیں۔ اگر بلتستان میں کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو صوبائی حکومت سمیت بلتستان انتظامیہ کی سستی اور غفلت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے سلسلے میں ہم پاکستان آرمی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور متاثرین آپریشن کی امداد کے لئے بڑی سطح پر مہم کا آغاز کیا جائے گا۔