وحدت نیوز (اسلام آباد) شہید آیت اللہ نمر باقر النمر ایک عظیم اور شجاع قائد تھے، انھوں نے ظلم وناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی اور زمانے کے فرعونی نظام آل سعود کے سامنے مستضعف ومحروم عوام کے حقوق کی خاطر کلمہ حق ادا کیااور اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا،ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نےآیت اللہ نمر انٹرنیشنل فائونڈیشن کے زیر اہتمام مجمع امام جعفرصادقؑقم میں منعقدہ افکار شہید آیت اللہ نمر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی نے کہاکہ شہید آیت اللہ باقر النمر نے سعودی عرب کے گھٹن ذدہ اور سخت معاشرے میںظالم وجابر شہنشاہی نظام کے خلاف کلمہ حق بلند کیا ، انہوںنے اپنی جان کی پرواکیئے بغیر ببانگ دہل اس باطل شاہی نظام کےمقابل قیام کیا، اسی پاداش میں انہیں کئی بار پابند سلاسل کیا گیالیکن وہ اپنےآقا ومولاؑامام حسین ؑ کی سیرت وسنت کی پیروی کرتے ہوئے راہ حق وصداقت سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے اوریہاں تک کہ شہادت کو گلے لگانا قبول کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید آیت اللہ باقرالنمر پاکستان کے شہید قائد علامہ سید عارف الحسینی، افغانستان کے شہید استاد عبد العلی مزاری ، ایران کے شہید نواب صفوی، عراق کے آیت اللہ شہید باقر الصدر ، لبنان شہید علامہ سید عباس موسوی اور یمن کے علامہ شہید سید حسین بدر الدین الحوثی کی سطح کے سرزمین حجاز مقدس کے قائد اور لیڈر تھے جنہوں نے سید الشہداء امام حسین علیہ السلام کے مدرسے سے حریت وآزادی کا درس حاصل کیا اور یزیدان وقت کے خلاف قیام کیا اور جس طرح نہ ضیاء الحق کا ظالمانہ نظام رہانہ روسی قبضہ ، نہ شہنشاہی نظام اور صدام کا نظام رہا اور نہ یمن پر سعودی نواز نظام اور لبنان پر اسرائیلی تسلط اور انشاء الله شہید آیت اللہ نمر کا یہ ناحق خون آل سعود کے نظام کا پیش خیمہ ثابت ہو گا ۔