وحدت نیوز(قم) مجلس وحدت مسلمین شعبہ امور خارجہ کی ایک ٹیم امدادی سامان کی دوسری کھیپ لیکر 16 اپریل کو سیلاب متاثرہ علاقوں میں جائے گی. شعبہ امور خارجہ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق ایران کے سیلاب متاثرین سے اظہار ہمدردی اور متاثرین کے درمیان امدادی سامان کی دوسری قسط تقسیم کرنے کی غرض سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ امور خارجہ کی ایک ٹیم 16 اپریل کو دوبارہ ایران کے صوبہ خوزستان اور لرستان روانہ ہوگی. امدادی سامان میں راشن و دیگر ضروریات زندگی پر مشتمل اشیاء شامل ہوں گی. شعبہ امور خارجہ کے مسؤولین پاکستان کی غیور عوام کی طرف سے اور دیگر ممالک سے جمع ہونے والی امداد کو براہ راست متاثرین سیلاب تک پہنچائیں گے اور قوم کو امداد کی تقسیم کے عمل سے ذرائع ابلاغ پر اپنے رسمی فورمز کے ذریعے آگاہ رکھیں گے. ایران کے سیلاب متاثرین کی مدد کے اس انسانی, اخلاقی اور شرعی وظیفے پر عمل کے خواہشمند افراد مجلس وحدت مسلمین کے نزدیکی دفاتر یا شعبہ امور خارجہ کے پاکستان و دیگر ممالک میں موجود نمایندہ دفاتر کے مسؤولین کے فون نمبرز پر رابطہ کرکے اپنے عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔