وحدت نیوز (قم) ماہِ مبارک رمضان کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین قم کی کابینہ کا اجلاس قائم مقام سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام گلزار احمد جعفری کی زیرِ صدارت موسسہ رسولِ اعظمﷺ قم میں منعقد ہوا۔جس میں ملک میں جاری قتل و غارت، ڈکیتیوں اور اغوا جیسے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔اراکینِ کابینہ نے کہا کہ دین،ملک و ملت اور آئین کی بالادستی نیز ملی دکھ سکھ میں شریک رہنا ہی ایم ڈبلیو ایم کا طرّہ امتیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتے۔حکومت کو چاہیے کہ وہ ملکی امن و امان کی صورتحال پر قابو پائے اور یا پھر مستعفی ہوجائے۔اراکینِ کابینہ نے علمائے کرام اور مبلغینِ اسلام سے خصوصی طور پر یہ اپیل کی کہ وہ ماہِ مبارک رمضان میں وطنِ عزیز کی سالمیت اور دفاع و بقا کے لئے خصوصی دعائیں کریں نیز وحدت و اخوّت کے فروغ کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کریں۔اس موقع پر یوم القدس کے انعقاد کے حوالے سے بھی اہم نکات پر گفتگو کی گئی۔