وحدت نیوز (نجف)مجلس وحدت مسلمین (نجف اشرف) کے زیراہتمام شہید مظلوم علامہ سید عارف حسین الحسینی کی پچیسویں برسی اور مدیر مدرسہ معصومین آقائے شیخ علی مدبر کی وفات کے موقع پر فاتحہ خوانی اور مجلس عزاء کا اہتمام کیا گیا۔ برسی کی تقریب میں نجف اشرف میں مقیم پاکستانی طلباء نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم نجف اشرف کے سیکرٹری جنرل علامہ سید مہدی نجفی نے کہا کہ شہید مظلوم علامہ سید عارف حسین الحسینی کی عظیم شخصیت ملت تشیع کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں تھی۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ قائد شہید کے افکار کو زندہ رکھا جائے۔ شہید علامہ عارف الحسینی ہردلعزیز شخصیت تھے، جنہوں نے بہت کم عرصے ملت مظلوم کو ایک طاقت ور قوم بنا دیا تھا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آج کے علماء کو علامہ عارف الحسینی کی شخصیت کو اپنے لیے رول ماڈل بنانا ہوگا۔