وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی صدر محترمہ سیدہ معصومہ نقوی نے 13 جمادی الاول آغاز ایام شہادت جناب فاطمتہ الزہرا سلام اللہ علیھا کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بی بی دو عالم کی المناک شہادت کے موقع پر تمام عالم اسلام بالخصوص امام زمان عج و رہبر معظم سید علی خامنہ ای کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتی ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ صدیقہ طاہرہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے محب اور عقیدت مند جہاں کہیں بھی ہوں ایام فاطمیہ کو شاندار طریقے سے مناتے ہیں اگر ہم فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی کا بغور مطالعہ کریں تو بی بی دو عالم اپنے چاہنے والوں کو سیرت اور گفتار دونوں کے ذریعے سے اس اہم ترین عمل کی طرف دعوت دے رہی ہیں یعنی ہر دور میں ہمیں ولایت سے متمسک رہنا اور ولایت کا دفاع کرتے رہنا ہے، ولایت کے دفاع کے لیے اگر جان کی قربانی در کار ہو تو جان دے دی جائے مال کی قربانی درکار ہو تو مال کی قربانی دی جائے اولاد کی قربانی درکار ہو تو اولاد کی قربانی دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا ایام فاطمیہ کی مجالس سے خطاب کرنے والی عالمات اور مبلغین سے بھی توقع کی جاتی ہے کہ وہ ان دنوں میں مدافع ولایت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی عظیم قربانیوں کو بیان کریں گے اور معاشرے میں ان کی سیرت و افکار کواجاگر کی سعی کریں گی۔