وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما سیدہ معصومہ نقوی نے ماہ رمضان المبارک کے آغاز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام عالم اسلام کو ماہ عظیم ، ماہ صیام اور ماہ خدا یعنی رمضان المبارک کی آمد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں ، رمضان کریم جہاں رحمتوں برکتوں اور خدا کی مغفرت کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے وہیں تزکیہ نفس ، تقوی و پرہیزگاری ، ایمان محکم اور گناہوں کی سیاہی سے اپنے دلوں کو پاک کرنے کا بہترین وسیلہ ہے ، اس ماہ میں ہمارا چھوٹے سے چھوٹا نیک عمل یہاں تک کہ روزہ دار کا سونا بھی عبادت شمار ہوتا ہے ختمی مرتبت حضرت محمد مصطفئ صل للہ علیہ وآلہ وسلم نے ماہ رمضان کی اہمیت کو اپنے خطبے میں بہترین انداز میں ارشاد فرمایا کہ یہ وہ مہینہ ہے جس کے دن تمام دنوں سے بہتر اور جس کی راتیں تمام راتوں سے افضل ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اس با برکت مہینے میں مسلمانوں کو اپنی اصلاح اورنفس کی تعمیر نو کے لئے ذکر خدا سے مدد حاصل کرنی چاہیئے اس مہینے کے مبارک ایام میں بندگی و عبادت ، صلہ رحمی ، گناہوں سے پرہیز ، واجبات کی ادائیگی، اعمال حسنہ کی انجام دہی ، طلب مغفرت و رحمت اور پروردگار کی قربت کے حصول کے لیے کوشش کرنی چاہیئے۔
انہوں نے معاشرے کے صاحب حیثیت افراد سے اپیل کرتے ہوے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام مہنگائ کی چکی میں بری طرح پس چکی ہے ماہ مبارک رمضان میں اللہ تعالی کی رضا و خوشنودی کے لیے دل کھول کر غرباء و ضرورت مند گھرانوں کی مدد کی جاے تاکہ دنیا و آخرت کی سعادت مندی ہمارا نصیب ہو اللہ تعالی اس عظیم مہینے کے صدقے فلسطین کے مظلومین کی مدد و نصرت فرمائے ، دشمنان دین کو نابود کرے اور ہمارے ملک کو استحکام و خوشحالی عطا فرمائے۔