وحدت نیوز(ملتان)تحریک آزادی القدس پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں یوم القدس کی ریلیاں نکالی گئیں، کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور، گلگت بلتستان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں نماز جمعہ کے بعد القدس ریلیاں نکالی گئیں۔ جنوبی پنجاب کی مرکزی ریلی ملتان میں امام بارگاہ شاہ گردیز سے چوک گھنٹہ گھر تک نکالی گئی، ریلی کی قیادت امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی رہنما حیدر ثقفی، ڈویڑنل صدر ابوذر ہادی، مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے صدر علامہ اقتدار نقوی، سلیم عباس صدیقی، علامہ وسیم عباس معصومی نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے فلسطینی مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کے لیے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، ریلی میں خواتین، بچوں، بزرگوں اور جوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
چوک گھنٹہ میں ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے رہنماوں کا کہنا تھا کہ حکومت وقت کو چاہیے کہ جس طرح کشمیر ڈے کو سرکاری سطح پر منایا جاتا ہے اسی طرح یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے، پوری دنیا میں امام خمینی کے حکم پر جمعتہ الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانا عین اسلام ہے، امام خمینی وہ پہلی شخصیت ہیں جنھوں نے فسطین کو عربوں کے مسئلے سے نکال کے پوری امت مسلمہ کا مشترکہ مسئلہ بنایا اور انقلاب اسلامی نے اپنی تاسیس سے لے کے آج تک فلسطینیوں کی ہر معاملے میں مدد کی ہے، بانی پاکستان نے آئین پاکستان میں شامل کردیا تھا کہ پاکستان کبھی بھی اسرائیل کو تسلیم نھیں کرے گا۔ لہذا اج پاکستان میں کسی کونے کھدرے سے اسرائیل کے تعلقات کو معمول پہ لانے کی بات کرے تو یہ نظریہ پاکستان سے خیانت ھے، تمام سازشی عناصر کو پاکستانی عوام کے سامنے لایا جائے اور انھیں قرار واقعی سزا دی جائے۔
رہنماں نے کہا کہ آج اسرائیلی ریاست تیزی سے اپنے انجام کی طرف گامزن ہے، حماس اور جھاد اسلامی نے حالیہ جھڑپوں میں اسرائیل کے دفاعی سسٹم کو کاری ضرب لگائی ہے اور وہ دن دور نھیں جب مسجد اقصی میں دنیا بھر کے مسلمان نماز باجماعت پڑھیں گے اور افطار کرینگے۔ ریلی میں سابق ممبر پنجاب اسمبلی پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ندیم قریشی، علامہ سلطان نقوی، جواد جعفری، ثقلین ظفر، عاطف سرانی، ڈاکٹر جوھر، جواد مصطفی، انجینئر سخاوت علی سیال اور دیگر اھم سماجی شخصیات نے شرکت کی. ریلی کے آخر میں امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کیے گئے۔