وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور معروف قانون دان سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ نے سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان، سابق نائب صدرہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سید یافث نوید ہاشمی ایڈوکیٹ کی جبری گمشدگی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ایک محب وطن قانون دان کا اسلام آباد جیسے اہم شہر سے اغواءانتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت اقدام ہے ۔ہم ان کی جلد از جلد باحفاظت بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ہم ان کی جبری گمشدگی کے خلاف تمام بارکونسلز کے ساتھ مل کر آواز بلند کریں گےخاموش نہیں بیٹھیں گے۔
ناصرشیرازی ایڈوکیٹ نے کہاکہ پاکستان میں مکتب اہل بیت ؑ سے تعلق رکھنے کو جرم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ہم اس پر اپنی آواز بلندکریں گے۔ملی تنظیمیں خصوصاًمجلس وحدت مسلمین اور آئی ایس او مسنگ پرسنز کے مسئلے پر لیڈنگ رول پلے کریں گی۔ہم اس معاملے پر خاموش نہیں رہ سکتے ۔اس طرح سے کسی فردکو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ہم ترین مقام کے اغواءکیاجاناآئین اور قانون کے ساتھ مذاق ہے ۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ یافث نوید ہاشمی کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔ان کے اہل خانہ دوست احباب سب اس وقت شدید قرب وتکلیف کے کیفت سے دوچار ہیں ۔
وحدت نیوز(لاہور)گورنر پنجاب چوہدری سرور کا سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس کو ٹیلیفون۔ گورنر پنجاب نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کو لاہور میں 15 اگست کشمیر بنے گا پاکستان ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ ترجمان ایم ڈبلیو ایم علامہ مقصود ڈومکی کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا اعلیٰ سطحی وفد علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی قیادت میں ریلی میں شرکت کریگا۔انہوںنےکہاکہ کشمیر کاز اور مظلومین کشمیر کے لئے اٹھنے والی ہر آواز کو سپورٹ کرنا ہمارا فریضہ ہے۔مجلس وحدت مسلمین 15 اگست کو اپنے مظلوم کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی۔
وحدت نیوز(ملتان) امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ملتان ڈویژن اور مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام ملتان کے معروف قانون دان یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ کی بازیابی کے لئے ملتان پریس کلب کے سامنے دو گھنٹے تک علامتی دھرنا دیا گیا اور ان کی فوری بازیابی نہ ہونے پر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا گیا احتجاجی دھرنے میںآئی ایس او اور ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں و کارکنوں سمیت متاثرہ خاندان اور خواتین کی بڑی تعدادنے شرکت کی جبکہ جماعت اسلامی کے معروف قانون دان عظیم الحق پیرزادہ، فکس اٹ کے میر امجد خان نے اظہار یکجہتی کیا۔
احتجاجی ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے جنرل سیکریٹری علامہ اقتدار حسین نقوی، آئی ایس او ملتان ڈویژن کے صدر عاطف حسین، وجاہت علی مرزا، علامہ قاضی نادر حسین علوی، سلیم صدیقی، مہر سخاوت علی سیال، ثقلین نقوی نے کی اس موقع پر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں دو روز قبل ملتان کے معروف قانون دان یافث نوید ہاشمی ایڈووکیٹ کی جبری گمشدگی قابل مذمت ہے ریاست پاکستان کا فرض ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو تحفظ فراہم کرے اور ان کے امن و امان کی ضمانت دے رات کے اندھیرے میں یافث نوید ہاشمی کا لاپتہ ہونا سمجھ سے بالا تر ہے قبل ازیں بھی ملت تشیع کے محب وطن شہریوں کو بلاجواز گم کیا گیا جو کہ ایک لمحہ فکریہ ہے اگر یافث نوید ہاشمی کو فی الفور بازیاب نہ کیا گیا تو آئی ایس او اور ایم ڈبلیو ایم احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہو جائے گی اور آج سے روزانہ کی بنیاد پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔
وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری عید الاضحیٰ کے موقع پر میڈیا سیل سے جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید قربان ایک عظیم قربانی کی یاد دلاتی ہے جہاں ایثار اور فدا کاری نظر آتی ہے اس عید کا پیغام ہمارے لے یہ ہے کہ ہمارے اندار ایثار اور قربانی کا جذبہ قوی تر ہونا چاہیے ہم ایک دوسرے کا خیال رکھیں ایک دوسرے کے ساتھ ہمددری کیساتھ پیش آئے ہمیں اس عید پر مادر وطن کےشہیدوں کی فیملیز کو بھی نہیں بھولنا ہمیں اپنی خوشیوں میں اُن کو یاد رکھنا ہے تاکہ عید کی خوشیوں میں ہمارے خانوادگان شہداء بھی شریک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے بے گناہ مسنگ پرسنز جو کئی کئی سالوں لاپتہ ہیں انکے گھر والے ان کے انتظار میں ہیں عید آگئی ہے اور میری اپیل ہے کہ ہمیں ان ایام میں بے گناہ جبری گمشدہ افراد کے گھرانوں کو یاد رکھے اور ان کا بھر پور ساتھ دیں انکو حوصلہ دیں انشا اللہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہو جائے گی یہ ہمارے عزیز واپس آجائیں گے میرا حکومت سے بھی مطالبہ ہے یہ انسانی بنیادی حقوق کے خلاف ہے پاکستان کے آئین اور دستور اور قانون کے خلاف ہے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے یہ ظلم ابھی رکا نہیں ہے، مسلسل ہمارے نوجوان ان نادیدہ قوتوں کا نشانہ بن رہے ہیں،لہذا ہم نے مسنگ پرسن کو بھولنا نہیں ہے انکا اور ان خانوادگان کا بھر پور ساتھ دینا ہے اور حکمران یاد رکھےحکومتیں کفر سے تو باقی رہ سکتی ہیں ظلم سے نہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ کشمیر کے مظلومین کو عید کے دن ہرگس فراموش نہیں کرنا عید سادگی سے منائیں اور نماز عید کے اجتماعات میں مظلومین کشمیر، فلسطین،یمن کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرے، انشاءاللہ مسلمانوں پر مسلط ان ظالموں کا انجام عبرت ناک ہوگا وعدہ الہی ہے کہ مستضعفین کو اس زمین کا وارث بنایا جائے گا۔
وحدت نیوز(کراچی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل مولانا باقرعباس زیدی کی وفد کے ہمراہ کراچی پولیس چیف اے آئی جی غلام نبی میمن سے ملاقات۔اس موقع پر اہم امور پر تبادلہ خیال کیاگیا اورباہمی رابطہ کا فروغ بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔مجلس وحدت مسلمین اور کراچی پولیس کے مابین رابطہ بڑھانے کے لئے فوکل پرسنز کا تعین بھی کیاگیا۔
ایم ڈبلیوایم کے وفدنے کراچی پولیس چیف سےمطالبہ کیاکہ ملت جعفر یہ کے عمائدین پر شیڈول فور پر نظر ثانی کی جائے گی، جس پر تجدید نظر کی کراچی پولیس چیف کی یقین دہانی ۔ملاقات میں ایام عزاء سے قبل ضلعی سطح پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز کے ساتھ تنظیم کے نمائندوں کا رابطہ یقینی بنانے پر اتفاق بھی ہوا۔ ملاقات میںایم ڈبلیوایم کراچی کے سیکرٹری جنرل مولانا صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن بھی موجود تھے۔
وحدت نیوز(قم) کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ فقط کشمیری عوام کا حق ہے۔بھارت کے ناجائز قبضہ کے بعد اب یہ مسئلہ کشمیر کسی ملک کا اندرونی مسئلہ نہیں یہ ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے جس کو ہندو بنیا مختلف غیر قانونی طریقوں سے دبانے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔ دنیا بھر کے باشعور لوگ اس ناپاک سازش سے آگاہ ہیں اور اپنی بیداری سے مودی سرکار کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ یہ بات مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے مقبوضہ کشمیر پر بھارت کی حالیہ جارحیت کی بعد اپنے مذمتی بیان میں کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزراء کی جانب سے تحریک پیش کرنا اور حکومت کا مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے ہی مختلف قانونی آرٹیکلز میں ردو بدل کرنا نہتے کشمیریوں پر کھلا ظلم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو للکارنے کے ساتھ ساتھ عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔جس کی ہر پہلو سے مذمت کی جاتی ہے۔جہاں اس موقعہ پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ضروری ہے وہاں حکومت پاکستان کو اپنے ان مظلوم بھائیوں کے لئے واضع پالیسی کا اعلان کر کے ان کی ہر صورت مدد کرنی ہو گی۔
انہوںنے مزید کہاکہ جہاں کشمیریوں سے ہمارا ایمانی رشتہ ہے وہاں قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمان کی روشنی میں کشمیر پاکستان کی شہ رگ حیات بھی ہے اور جب کوئی کسی کے رشتہ کو پامال کرنے کی سوچے یا اسکی شہ رگ کی جانب ہاتھ اٹھائے تو حق بنتا ہے کہ اس ظالم کے ہاتھ توڑ دیئے جائیں۔ہمیں یقین ہے کہ ہمارے مقتدر ادارے اپنے کشمیری بھائیوں کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اس حوالہ سےان کی بھی مدد کرنا ہمارا اخلاقی اور معاشرتی فریضہ ہے۔ سالار وحدت علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے یوم جمعہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا اعلان پر دنیا کے مختلف ممالک سےانشاء اللہ بھر پور حمایت کی جائے گی اور مختلف انداز میں اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔