وحدت نیوز (آرٹیکل) کسی بھی ریاست میں طبقہ بندی کی جتنی بھی تقسیم ہو مگر وہ ان دو تقسیموں سے مبرا نہیں ہو سکتی ایک حاکم اور ایک محکوم ،عوام اور خاصان۔ اس تقسیم میں آرزوءں تمناؤں کی تقسیم اور جدائی میں بھی اسقدرتضاد ہے جس قدر طبقے میں جدائی ہے جس کی وجہ دونوں طبقوں کے ترجیحات اور مفادات ہیں جو کچھ حکمران چاہتے ہیں وہ کسی صورت عوام کے مفاد میں نہیں ہوتا اور جو عوام کی چا ہتیں اور ترجیحات ہوتی ہیں وہ کسی صورت حکمرانوں کے مفادمیں نہیں ہوتی حالانکہ اس مشکل کا حل اہل دانش نے جمہوریت کی صورت میں نکالا مگر شاید موجودہ دور میں جمہوریت بھی اس مسئلے کو حل کرنے میں بری طرح بے بس اور ناکام دکھائی دیتی ہے فقط جمہوریت اپنے نظام کے اندر اتنی صلاحیت نہیں رکھتی کہ ایسے پیچیدہ مسائل کا حل پیش کرے اور کچھ جمہوریت کو ایسے غیر جمہوریت پسند افراد کے ہاتھوں کا کھلونا بنادیا گیا ہے کہ جتنی صلاحیت اس نظام میں ہے وہ بھی مفلوج ہوکر رہ جاتی ہے اور اس سے بڑھ کر کوئی جمہوری لطیفہ نہیں ہوسکتا کہ ایک جمہوری پارٹی کا سربراہ یہ کہتا ہوا نظر آئے کہ سعودی عرب جمہوریت بچانے کی کوشش کررہاہے جو قبیلہ اپنے ملک کے اندر تو جمہوریت کو داخل ہونے نہ دے وہ دوسرے ممالک میں جمہوریت بچاتاپھرے جبکہ حقیقت میں وہ اپنے اقتدار کے طول کی خاطر فرعون کی طرح بچوں کا قتل عام کررہاہے ! یہ ایساہی ہے کہ جیسے پاکستان کے حکمران کہیں کہ ہم سعودی عرب کی ہرحال میں حفاظت کریں گے اور اس پر کوئی آنچ نہ آنے دیں گے جبکہ ان کے اپنے ملک میں بچوں کے اسکول اور بڑوں کی مساجد تک محفوظ نہ ہوں اوروہ دوسروں کے ملک کی حفاظت کے لئے اسمبلیوں کے اجلاس بلاتا پھرے شاید اس موقع کے لئے ہی غالب نے کہا تھا " کعبہ کس منہ سے جاؤگے غالب ، شرم تم کو مگر نہیں آتی "۔
اور یہ سب اس لئے ہے کہ ہم نے ماضی قریب میں بھی دیکھا کہ یہی سب سیاستدان اور قانوندان ہم آواز ہوکر اسی اسمبلی میں جوائینٹ سیشن بلاکر سعودی پٹھو حکمران کو اسی جمہوریت کے نام پر بچانے کے لئے جمع ہوئے تھے اور آئین کے تقدس اور تحفظ کا بہانہ بھی گھڑ لیا تھا اور اب تومعاملہ کسی پٹھو کا نہیں بلکہ خود آقا کا ہے تو پھر وہی اسمبلی اور پھر وہی جمہوری ڈرامہ اور جھوٹی دوستی کا بھرم اور کعبہ اور حرم کے تقدس اور حفاظت کا بہانہ، نہ عوام کا مفاد نہ ملکی آبرو کی پرواہ بس غلامی اور غلامانہ آداب کی بجاآوری، جبکہ ان سب جمہوریت کے محافظوں کے ناک کے نیچے گلگت میں جمہوری اور آئینی حق استعمال کرنے والوں کے خلاف دہشتگری ایکٹ کے تحت ایف آئی آر کاٹی جارہی ہیں اور وہ اسمبلی میں تماشائی بنے بیٹھے ہیں کیوں کہ گلگت والوں نے ان اسمبلی والوں کے آقا سعودی کو للکارا ہے اس لئے ان کا جرم بھی بڑا ہے اور ان کا حامی بھی اسمبلی میں کوئی نہیں کیوں کہ سب آقا کے ہاتھ بکے ہوئے ہیں۔
بین الاقوامی جائزہ لینے کے بعد پتہ چلتاہے کہ یہ مسائل تمام جمہوری ممالک میں پیش آرہے ہیں چاہے وہ ملک یورپی ہو یا ایشیائی اس سے پتہ چلتا ہے کہ جمہوریت خود اپنے وجود میں کتنی کامل ہے اور اس کی بقاء کے لئے کن رہنما اصولوں کی ضرورت ہے بحرحال جب بھی کسی نااہل حکمران گروہ کو خطرہ لاحق ہو تا ہے تواس نے ہمیشہ ایسے ہی بہانے کئے ہیں کہ اسلام کو خطرہ ہے یا پھر اب کہا جا رہا ہے کہ کعبہ کو خطرہ ہےلیکن ہم نے دیکھا کہ نہ خطرہ اسلام کو تھا نہ اب کعبہ کو ہے بلکہ خطر ے میں ہمیشہ یہ قابض حکمران رہے ہیں البتہ یہ خطرہ کبھی بڑھ جاتا ہے کبھی ٹل جاتا ہے۔ ایک بات ہمیشہ دیکھی گئی ہے کہ حکمران طبقے نے ہمیشہ عوامی امنگوں کا خون کرکے اپنے جیسے حکمرانوں کو بچا تو لیا ہے مگر وقت آنے پر ان کو عوام نے بھی تاریخ ساز سبق دیاہے صد افسوس کہ اس حکمران طبقے نے کبھی بھی ماضی سے سبق نہیں لیا ۔
تاریخی اعتبار سے دیکھنا پڑے گا کہ کعبہ اور مسجدنبوی کو کس نے نقصان پہنچایا ہے یا منہدم کیا اور دور حاضر میں کون کعبہ اور حرم رسول ؐ کو معاذاللہ مظہر شرک قرار دے کر مسمار کرنے کا اعلان کرچکا ہے اور کون ایسے اعلان کرنے والوں کے ہم رکاب ہوکر کسی ملک کے بے گناہ شہریوں پر حملہ آور ہوا ہے اور کون حرمین کے بارے میں اس قدر جسارت کرنے کے باوجود خاموش رہا کیوں اس وقت سعودی حکمران داعش پر حملہ آور نہیں ہوئے کیوں اس وقت کعبہ اور حرم رسول ؐ کی حرمت اور حفاظت کی خاطر نوازشریف نے جوائینٹ سیشن کا اجلاس طلب نہیں کیا ،کیوں سعودی حکمرانوں نے پاکستان سے فوجی امداد طلب نہیں کی اور اب کیوں اسرائیل، القائدہ ،داعش ، سعودی عرب اور دیگر اتحادی ممالک ملکر یمن پر حملہ آور ہوئے ہیں ،کیا اس کے پیچھے حرمین کے خلاف کوئی گہری سازش تو نہیں غور سے جائزہ لیا جائے تو دشمن اپنا کام کر چکا ہے گلی گلی جنگ اور خون خرابہ کرنے کے مکمل اسباب فراہم کئے جا چکے ہیں اور پوری دنیا کو ایک اور ورلڈ وار میں جھونکا جا چکا ہے حرمین پر حملہ کر چکے ہیں لیکن اس دور کے ولی صفت انسانوں نے اس جنگ کو ناکام بنانے اور دنیا کو پرامن رکھنے کی سعی کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے یہ آگ ماند پڑتی دکھائی دے رہی ہے اور دشمن ناکام ہوتا نظر آرہاہے۔
لیکن عوام کو اس پورے معاملے پر گہری نظر رکھنی پڑے گی پروپیگنڈا اور حقائق کو گہرائی اور سنجیدگی سے دیکھنا پڑے گا دوست اور دشمن کی پہچان کرنی پڑے گی بہروپیوں کے اصل چہروں کو پہچاننا ہوگا کعبہ کی دیواروں سے بت اللہ کے رسول ؐ نے ہٹادیئے مگر بت پرستوں نے کعبہ کی دیواروں پر اپنے نام کی تختی لگا کرپھر بت پرستی کی ابتداء کردی ہے اب معمولی سی غلطی کی گنجائش نہیں ہے نام اور ظاہر کے دھوکے سے بچنا پڑے گا ورنہ کہیں دوست کے روپ میں دشمن اپنا وار نہ کرجائے اور جس کو بچانے کی ہم سب آرزو کر رہے ہیں اپنی لڑائی میں کہیں اسے ہی نہ کھودیں کیوں کہ دشمن اعلان کے ساتھ ساتھ اتحادبھی کرچکا ہے اور وہ ہماری غفلت کا ہی فائدہ اٹھائے گا اور ہم دشمن کے بجائے اپنے دوست ہی کو نہ ختم کربیٹھیں کیوں کہ دشمن بزدل اور کمزور ہے لیکن وہ ہمیں آپس میں لڑاکر اپنی کمزوری کو طاقت میں بدلنا چاہتا ہے اور ہمارے ڈر کو اپنی بھادری بنالے گا۔
آج پاکستان کی عوام سعودی سازشوں کو پہچان چکے ہیں اور مختلف ذرائع سے اپنا موقف واضع طور پر دے چکے ہیں شاید یہی وجہ ہے کہ پاکستان کی اسمبلیوں میں بیٹھے نا اہل سیاستدان دو دن تک جوائینٹ سیشن کا اجلاس کرکے بھی کوئی واضع اور ٹھوس موقف اختیار نہ کر سکے اور اس سیشن میں ہم نے دیکھا کہ بڑے بڑے مسائل پر لمبی لمبی تقریریں کرنے والے قانوندانوں ،سیاستدانوں کے منہ پر تالے لگے ہوئےتھے اور بڑے بڑے مولویوں کی بھی گھگھی بندھی ہوئی تھی جس سے ان کی اہلیت مزید کھل کر سامنے آچکی ہے اور عوامی اور حکمرانی سوچ میں تضاد واضع نظر آرہاہے جس سے اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے نمائیندوں کو حاصل عوامی مینڈیٹ کا جھوٹا پول بھی کھل گیاہے۔
تحریر : عبداللہ مطہری