وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی نے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر اور قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپائو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری روابط ملک اقرار حسین، کے پی کے کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ محمد اقبال بہشتی اور محسن شہریار موجود تھے۔ مرکزی سیکرٹری سیاسیات نے ملاقات کے دوران مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام دہشتگردی کے خلاف 28 فروری کو اسلام آباد میں ہونے والے آل پارٹیز کانفرنس کی دعوت دی، جسے قومی وطن پارٹی کے سربراہ نے قبول کرتے ہوئے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پہ ملکی سلامتی کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پہ تفصیلی بات چیت ہوئی، آفتاب احمد خان شیر پائو نے آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کو ایک مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیا۔ آفتاب خان شیرپائو نے کہا کہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے حوالے سے مجلس وحدت مسلمین کے اقدامات کی قومی وطن پارٹی مکمل حمایت کرتی ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں حالیہ دہشتگردی کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے شعبہ سیاسیات کے زیراہتمام آل پارٹیز کانفرنس 28 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہو رہی ہے۔ کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان مسلم لیگ قائداعظم، پاکستان مسلم لیگ(ن)، قومی وطن پارٹی سمیت تمام اہم جماعتوں کو دعوت دی گئی ہے۔