وحدت نیوز (اسلام آباد) متحدہ جمعیت اہلحدیث پاکستان کے رہنما ضیااللہ شاہ بخاری اور تحریک اویسیہ پاکستان کے سربراہ پیر غلام رسول اویسی نے اپنے وفود کے ہمراہ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری سے انکی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ ملکی صورت حال خصوصا اتحادبین المسلمین کے لئے عملی کوششوں پر تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ملاقات میں مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید اسد عباس نقوی،علامہ اصغرعسکری، محسن شہریار بھی شریک تھے۔ علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کہ موجودہ ملکی صورت حال میں تمام مکاتب فکر کے علما کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا دشمن ہمیں تقسیم کرکے پاکستان کی سالمیت پر وار کرنے کے درپے ہیں،امریکہ اور اسرائیل افغانستان میں داعش دہشتگردوں کی سرپرستی کر رہے ہیں۔ہمیں دشمن کی سازشوں کا ادراک کرنا ہوگا،امریکہ اسرائیل اور ہندوستان پاکستان پر دہشتگردوں کو مسلط کرنے کی کوشش میں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاستدانوں، حکمران جماعت اور اسٹبلشمنٹ کو ملکی سلامتی کے لئے اس منحوسی ٹرائی اینگل کیخلاف جراتمندانہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہیں،دشمن پاکستان کو غیر مستحکم کرکے ایشیا میں ترقی کے دروازے بند کرنے کی کوشش میں ہے،موجود حکمران اور سیاسی اشرافیہ اقتدار اور کرسی کی ہوس میں ملکی سلامتی کے ایشوز سے غافل ہیں، وطن عزیز کودہشتگردی کا تحفہ امریکہ ہی کا دیا ہوا ہے،اہلحدیث و اہلسنت علماء کے وفود نے علامہ راجہ ناصر عباس کی تجاویز اور خدشات پر اتفاق کرتے ہوئے ملکی سلامتی و استحکام اتحاد امت اور ملک دشمنوں کیخلاف مشترکہ جدو جہد کا عزم بھی کیا۔