وحدت نیوز(لاہور)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری امور سیاسیات سید اسد عباس شاہ نے منہاج سیکریٹریٹ میں سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور سے ملاقات کی اور انہیں عمرہ کی ادائیگی پرمبارک باد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا، اس موقع پر سیکرٹری جنرل لاہور علامہ حسن ہمدانی، صوبائی سیکرٹری روابط رائے ناصر علی اور دیگر بھی موجودتھے، خرم نوازگنڈا پور سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک نے سیکرٹری سیاسیات سید اسدعباس شاہ اور ایم ڈبلیوایم کے وفد کا آمد پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے موجودہ ملکی صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ پاناماکیس فیصلہ غیر ضروری تعطل کاشکار ہے، جس سے عوام میں ہیجانی کیفیت پائی جاتی ہے، موجودہ حکمرانوں نے دہشر گردی اور کرپشن کے تمام تر رکارڈ توڑ ڈالے ہیں ، سانحہ ماڈل ٹاون پر جسٹس باقر نجفی کمیشن رپورٹ منظر عام پر لانے کیلئے ہم نے اعلیٰ عدلیہ کا دروازہ کھٹانے کا فیصلہ کیا ہے،جنرل (ر) راحیل شریف کو متنازعہ فوجی اتحاد کا حصہ بننے سے پہلے سو بار سوچنا چاہیئے،پاکستان مزید کسی پراکسی وار کا متحمل نہیں ہوسکتا،ابھی تک قوم افغان وار میں شمولیت کا خمیازہ بھگت رہی ہے۔
اسد نقوی کا کہنا تھا کہ پاک فوج ہمارا فخر ہمارا غرور ہے، لیکن ہم حکمرانوں کے ذاتی مفادات کی خاطر اپنا غرور خاک میں نہیں ملنے دیں گے، عالمی استعماری طاقتوں کی ایماءپر امریکہ اور اسرائیل اور آل سعود کے ڈاواں ڈول اقتدار کے تحفظ کیلئے پاکستان کی سلامتی ، استحکام اور خود مختاری کا سودا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا، وطن عزیز کی تمام محب وطن قوتوں کو اس عالمی استعماری گیم پلان میں پاکستان کو دھکیلنے کی سازش کا مقابلہ کرنا ہوگا۔