وحدت نیوز (کوئٹہ) ملک کے اندر تمام اقوام اور مذاہب کے درمیان اتحاد و اتفاق ملک کیلئے مثبت نتائج کا سبب بن جاتا ہے۔ وطن عزیز کے تمام شہریوں کے یکساں حقوق اور ذمہ داریاں ہیں۔ ہمیں چاہئے کہ نسلی، لسانی، قومی اور ایسے تمام دیگر عناصر جو ہمارے درمیان تفرقات کو جنم دیتے ہیں یکطرفہ رکھیں۔ تمام اقوام ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرے اور آپسی اختلافات اور ایسے تمام اختلافات کا راستہ بند کر دے جو ہمیں ترقی کی راہ سے نکال رہی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری آئمہ جمعہ و امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے اپنے بیان میں اتحاد و اتفاق کو تمام افراد کیلئے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اختلافات نے ہمیں ہمیشہ الجھائے رکھا ہے اور ساتھ ہی ساتھ ہمارے اور دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والے بھائیوں کے درمیان ایک ایسی دیوار کھڑی کی ہے جس نے ہمیں مل کر آگے بڑھنے سے ہمیشہ روکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد ہمارے درمیان امن برقرار رکھنے اور ملک کی ترقی کیلئے ضروری ہے، دینِ حق اسلام نے تمام مسلمانوں کو ایک دوسرے کا بھائی قرار دیا ہے اور دوسروں کی مدد اور انکے ساتھ اچھے رویے کی تلقین کی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ اتحاد وہ عنصر ہے جس سے ہمارے درمیان نہ صرف تفرقہ ختم ہوگا بلکہ ایک دوسرے کو سمجھنے میں آسانی ہوگی اور تمام نظریاتی مسائل ختم ہو جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ بھی یہی چاہتا ہے کہ اسکے تمام بندے آپس میں امن سے زندگی بسر کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہماری جماعت اس وقت امن کی بقا ء کیلئے اتحاد بین المسلمین کو سب سے ضروری سمجھتی ہے۔ہم نے کبھی بھی رنگ و نسل یا مذہب کے بنیاد پر تقسیم بندی نہیں کی بلکہ ہر رنگ و نسل اور ہر مذہب سے تعلق رکھنے والوں کی مدد کی ان کی خدمت کی اور ان کیلئے جتنا ممکن تھا کام کیا۔ہمارے قائدین نے قومی سطح پر اہل سنت سے وابسطہ لوگوں کا ساتھ بھی دیا ہے اور ہماری جماعت انکے حمایت یافتہ بھی ہے جو کہ ہماری امن پسندی کی دلیل ہے۔