وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ حسن ظفر نقوی نے دیگر مرکزی رہنماؤں کے ہمراہ پریڈ گراؤنڈ شکرپڑیاں کا دورہ کیا اور شہید قائد عارف حسینی کی 29ویں برسی کے سلسلے میں ہونے والی مہدیؑ برحق کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیا۔اس موقعہ پر انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا اور کہا کہ قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے افکار پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔وہ وحدت و اخوت کے داعی تھے۔انہوں نے ضیائی نظام کو وطن عزیز کی نظریاتی سرحدوں سے متصادم قرار دے کر آواز بلندکی۔ منافرت کی سیاست کے مقابلے میں بھائی چارے کو فروغ دیا۔ملک دشمن قوتوں کے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ امر امت مسلمہ کی یکجہتی اور اتحاد رہا ہے ان مذموم عناصر نے ہر اس شخصیت اور جماعت کی راہ میں ہمیشہ رکاوٹیں کھڑی کی ہیں جو اتحاد بین المسلمین کے فروغ کی بات کرتا ہے۔آج الحمد اللہ مجلس وحدت مسلمین شہید قائدعلامہ عارف حسین الحسینی کے مشن پر گامزن ہے۔اس جماعت نے ہمیشہ اتحاد و اخوت کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔یہ جماعت مظلومین کی حمایت کا علم لے کر میدان میں نکلی ہے ۔مظلوم کا تعلق چاہے جس مذہب مسلک یا جماعت سے ہو ہم نے ہمیشہ اس کی حمایت کی ہے۔یہی درس اہل بیتؑ اطہار علیہم السلام ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون سے ہمارا اختلاف اصولی اور ملک وقوم سے محبت کی بنیاد پر ہے۔قوم کا سرمایہ لوٹنے والوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانے والے مفاد پرست اور موقع شناس اور کاروباری ذہنیت کے لوگ ہیں جن کا مقصد مفادات کا حصول ہے ۔ایسے لوگوں کو ملک و قوم کے نقصان سے کوئی غرض نہیں۔ہم ہر اس شخص اور جماعت کے مخالف ہیں جو ریاست اور قومی مفادات پر ذاتی و گروہی مفادات کو مقدم رکھے۔ہمارا موقف دوٹوک اور واضح ہے۔ہمارے تعاون اور تعلق کی بنیاد حب الوطنی ہے۔ملک لوٹنے والوں سے پوری قوم بیزار ہے۔مہدیؑ برحق کانفرنس مذہبی ان طاقتوں کا عظیم الشان اجتماع ثابت ہو گی جوارض پاکستان کی سالمیت و استحکام کے لیے مصروف عمل ہیں۔سنی اتحاد کونسل،عوامی تحریک ،جمعیت علمائے اسلام نیازی سمیت دیگر جماعتوں کے مرکزی رہنماء اس کانفرنس میں شریک ہوں گے۔کانفرنس کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ بیس ہزار سے زائد نشستوں کا بندوبست کیا جا چکا ہے۔اجتماع میں شرکت کی غرض سے پورے ملک سے قافلے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔موثرسیکورٹی انتظامات کے لیے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔وفاقی انتظامیہ سمیت ایم ڈبلیو ایم سکاوٹس کے سینکڑوں کارکنان مختلف داخلی و خارجی راستوں پر پروگرام کے اختتام تک موجود رہیں گے۔ کانفرنس میں ہزاروں کی تعداد میں مرد خواتین اوربچے موجود ہوں گے لہذا سی ڈی اے جلسہ گاہ میں پانی کی بر وقت فراہمی کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ شہید قائد کی برسی کا یہ اجتماع وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا ایک تاریخی اجتماع ثابت ہو گا۔پریس کانفرنس میں علامہ احمد اقبال رضوی،علامہ مرزا یوسف حسین،علامہ محمد اقبال بہشتی ،علامہ اعجاز بہشتی،علامہ ظہیر الحسن نقوی،اسد نقوی،علامہ مقصود علی ڈومکی،ترجمان علامہ مختار امامی،علامہ دوست علی سعیدی ،علامہ اصغر عسکری اور نثار فیضی سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی موجود تھے۔