وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرشیرازی نے قومی اسمبلی سے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری اور کاغذات نامزدگی میں عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے شق میں تبدیلی کی شدید مذمت کی ہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت جزایمان ہے، شق میں تبدیلی کوئی بھی غیرت مند مسلمان برداشت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران ٹولاایک مخصوص ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے نااہل قائد کو دوبارہ پارٹی صدارت کے منصب تک پہنچانے کیلئے آئین کی دھجیاں اڑائی ہیں ، مسلم لیگ ن نے ترمیم کرکے ہمیشہ کیلئے چوروں، لٹیروں، ڈاکوئوں، قاتلوں کیلئے سیاسی میدان صاف کردیاہے، حالیہ آئینی ترمیم قرآن وسنت کی تعلیمات کے بھی برخلاف ہےجس پر تمام سیاسی ومذہبی جماعتوں کو صدائے احتجاج بلند کرنا چاہئے۔