وحدت نیوز(اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے نیوزی لینڈ کی مسجد میں دہشت گردحملے اور اسکے نتیجے میں درجنوں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر شدید افسوس اور مذمت کا اظہارکیاہے، مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے مذمتی بیان میں انہوںنے کہاکہ نیوزی لینڈ کی مسجد میں ایک اسلام دشمن دہشت گرد کے حملے نے مغرب کے لبرل ازم کا پردہ فاش کردیاہے،اس سانحے کے پیچھے سفید فاموں میں چھپی اسلام دشمنی ملوث ہے جو نائن الیون اور لندن حملوں کے بعد بھی دنیا نے دیکھی تھی، عالمی برادری اورانسانی حقوق کے اداروں کو اس عظیم سانحے پر سانپ سونگھ گیاہے، اگر یہی سانحہ کسی مسلم ملک میں رونما ہوتا زمین آسمان ایک کردیئے جاتے، افسوس آزادی اظہار کا راگ الاپنے والے مغربی ممالک نے اس دل خراش سانحے کی خبریں اورتصاویر سوشل میڈیا پر نشر کرنے تک پر پابندی عائد کردی ہے، جوکہ قابل مذمت اقدام اور آزادی اظہاررائے پر قدغن کےمترادف ہے۔
علامہ راجہ ناصرعباس نے اس سانحے میں شہیدہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ دوران نماز شہید ہونے والوں سے سنت آئمہ اطہار ؑاداکی ہے ، جبکہ قاتل نے سنت ابن ملجم اور شمر بن ذی الجوشن ، خدا تمام شہداءکو اپنے جوار میں محشور فرمائے ، مجلس وحدت مسلمین دکھ کی اس گھڑی میں پسماندگان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور تمام شہداءکے لواحقین کے لئے صبرجمیل کی دعاکرتی ہے ۔