وحدت نیوز(لاہور) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اعلی سطحی وفد کے ہمراہ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا ۔آئی ایس او کے مرکزی صدر قاسم شمسی اور دیگر رہنماؤں نے ایم ڈبلیوایم کے قائدین کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔
علامہ راجہ ناصرعباس کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں سابق مرکزی صدر آئی ایس او یافث نوید ہاشمی کی جبری گمشدگی کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا گیا ۔علامہ راجہ ناصرعباس نے کہاکہ فعال شیعہ قومی شخصیات کا اس طرح جبری گمشدہ کیا جانا بنیادی شہری آزادی پر قدغن کے مترادف اور خلاف آئین و قانون ہے۔مسلسل احتجاجات کے باوجود درجنوں جوان اب تک لاپتہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ڈبلیوایم یافث ہاشمی کی بازیابی کیلئے آئی ایس او کے تمام تر اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ایم ڈبلیوایم کا شعبہ سیاسیات یافث ہاشمی سمیت تمام اسیران ملت کی جلد بازیابی کیلئے شب و روز کوشاں ہے۔اس موقع پر ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز بہشتی،ناصر شیرازی،اسدعباس نقوی ،ڈاکٹر یونس حیدری، صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی،سید حسن کاظمی اور دیگر بھی موجود تھے۔