وحدت نیوز (اسلام آباد) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے ترجمان علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ ملک میں ملت جعفریہ کے محب وطن اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی جبری گمشدگی کا سلسلہ بند کیا جائے، ماورائے آئین انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیخلاف اعلیٰ عدلیہ کو نوٹس لینا چاہیئے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سیل سے جاری بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سابق مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اور ملتان بارکونسل کے رکن ایڈووکیٹ یافث ہاشمی کا دن دہاڑے دارالحکومت اسلام آباد کے ریڈ زون سے غائب ہونا اس بات کی غمازی ہے، ان قوتوں کو نہ عدلیہ کا خوف ہے نہ آئین و قانون کی یہ پاسداری کرتے ہیں، ہم پاکستان کو بنانا ریپبلک نہیں بننے دینگے، اگر کوئی قصوروار ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے، ہم ایسے غیر قانونی و غیر آئینی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں،علامہ مقصود ڈومکی نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی جان و مال کی تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے ان نادیدہ قوتوں کیخلاف کاروائی کرے، اور تمام ہمارے جبری گمشدہ افراد کو رہا کرے بصورت دیگر ان کے لواحقین کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے پیاروں کی بازیابی کے لئے ہر فورم کو استعمال کرے.