وحدت نیوز(سجاول) مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے مرکزی امام بارگاہ سجاول میں عشرہ محرم کی مجلسِ عزا سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ نواسہ رسول امام حسین عالیمقام ع نے صحرائے کربلا میں جو بے مثال قربانی دی وہ دین کی بقاء اور سربلندی کا باعث بنی۔ کربلا فقط ایک واقعہ نہیں بلکہ نظام زندگی ہے کربلا اہل حق کی درسگاہ ہے۔
ان کاکہناتھاکہ کربلا ہر دور کے ظالم کے لئے بربادی کا پیغام ہے ۔ آج بھی کربلا اقوامِ عالم کے لئے نجات کا پیغام رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہر دور کا یزید کربلا سے خائف رہا اور گذشتہ چودہ سو سال میں چودہ مرتبہ وقت کے یزید نے کربلا پر حملہ کرکے اسے مٹانے کی ناپاک کوشش کی مگر وہ خود مٹ گئے کربلا آج بھی زندہ و تابندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مظلوم مسلمان کربلا کو اپنے لئے مشعلِ راہ قرار دے کر ظالم کے مقابلے میں ڈٹ جائیں اور یقین رکھیں فتح ہمیشہ حق والوں کا مقدر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا ایام عزا میں ملک بھر سے بجلی لوڈشیڈنگ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں خصوصاً رات کے پہلے حصے میں لوڈشیڈنگ مجرمانہ غفلت شمار ہوگی واپڈا محرم کے دوران بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور حکومت عزاداری کے روٹس کی صفائی اور سیکورٹی کو یقینی بنائے۔