وحدت نیوز(جعفرآباد) گوٹھ بشام خان لہر ضلع جعفر آباد بلوچستان میں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے مجلس عزا منعقد ہوئی مجلس عزا سے علامہ مقصود علی ڈومکی حاجی سیف علی ڈومکی مولانا منور حسین سولنگی مولانا ارشاد علی سولنگی نے خطاب کیا جب کہ نوحہ خوان غیور حسین بروہی نے نوحہ خوانی کی۔اس موقع پر مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا حوا سے لے کر قیامت تک کائنات کی عورتوں کی سردار ہیں آپ کی حیات طیبہ صنف نسواں کے لئے بہترین نمونہ عمل ہے۔
علامہ مقصودڈومکی نے کہاکہ سید الانبیاء ص آپ کو ام ابیہا یعنی اپنی ماں کہہ کر احترام فرماتے اور آپ ص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے احترام میں کھڑے ہوجاتے۔ آپ نے جو تاریخی خطبہ دیا وہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے ہے کہ سیدہ کائنات کی ذات گرامی علم و عرفان کا سمندر تھیں۔ بنت رسول ص کی مظلومانہ شہادت پر پوری امت مسلمہ کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ آج امت مسلمہ خصوصا صنف نسواں کو حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دین اسلام کے خلاف اسلام دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانا ہوگا۔ آج مغرب نے بے حیائی فحاشی عریانی کی جس تہذیب کے ذریعے انسانیت پر ثقافتی یلغار کی ہے اس کے مقابلے کے لیے مسلم خواتین کو سیرت زہراء کو اپناتے ہوئے حجاب عفت اور پاکدامنی کو فروغ دینا ہوگا۔