وحدت نیوز(لاہور) امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کے دوران تعمیر وطن کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پوری قوم امریکہ مخالف اور آزاد پاکستان بیانیہ کے تحت متحد ہوچکی ہے، ملت تشیع پاکستان کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ مادر وطن استعماری قوتوں کے ناپاک شکنجے میں ہو اور ہم اس وطن کے باوفا بیٹے الگ تھلگ اور لاتعلق ہوکر بیٹھے رہیں یہ ہمارے شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی ؒ کی تربیت نہیں ہے، پاکستان تاریخ کے نازک ترین دوراہے پر کھڑا ہے۔ یہی وقت ہے کہ جب ہمیں اپنی درست سمت کا تعین کرنا ہے۔
ملک کے 22 کروڑ عوام کی اکثریت نے بیرونی غلامی کے طوق کو اپنے پیروں سے اتار پھینکنے کا تہیہ کرلیا ہے، شیعیان حیدر کرارؑ اس ملک کا اہم حصہ ہیں جن کی تاریخ قربانیوں سے لبریز ہے، آئی ایس او نے پاکستان میں نا صرف نوجوانوں میں بلکہ قوم کے ہرفرد میں انقلاب اور وطن سے محبت کا جذبہ بیدار کیا ، شہداء کے مقدس لہو کی پاسبان تنظیم نے ہر دور میں سختیوں اور مشکلات کے باوجود وطن سے محبت کا راستہ ترک نہیں کیا ۔امید ہے کہ یہ کاروان اسی طرح تاظہور امام حجت ؑ رواں دواں رہے گا۔