وحدت نیوز(جعفرآباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جعفر آباد کے سیلاب متاثرہ گاؤں اللہ آباد کا دورہ کیا اور متاثرین سیلاب میں راشن اور کمبل تقسیم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے خواتین کی کشیدہ کاری اور سلائی کڑھائی کا کام کرنے والوں کی تعریف کی، جو سیلاب جیسی مصیبت کے دوران بھی سلائی کڑھائی کے کام میں مصروف رہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیلاب کی مشکلات کا ہمارے با ہمت لوگوں نے خندہ پیشانی سے مقابلہ کیا اور ہماری خواتین نے گھر کے کام کاج کے ساتھ ساتھ سلائی کڑھائی پر توجہ دی جو کہ لائق صد تحسین عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کئی دردناک کہانیاں چھوڑ کر گیا۔ متاثرین سیلاب نے عزم و ہمت سے اس دردناک صورت حال کا مقابلہ کیا اور اب تعمیر نو کا آغاز کیا ہے۔ حکومت اور فلاحی ادارے متاثرین سیلاب کی بحالی کے عمل میں ان کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ اس کے علل و اسباب کا بھی جائزہ لے کہ آخر اتنی بڑی تباہی کا ذمہ دار کون ہے؟