وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہاکہ ایوان بالا کے بزرگ رکن اعظم سواتی اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت اقدام ہے، اس واقعے نے عالمی سطح پر پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا ہے، یہ واقعہ پوری ریاست کے منہ پر زور دار طماچہ ہے ، غیرت مندوں کی ذاتی رنجش اور لڑائی میں بھی ناموس کو بیچ میں نہیں لایا جاتا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اس طرح کی بےہودہ حرکت اسلامی اقدار و اخلاق کے بھی خلاف ہے، چیف جسٹس آف پاکستان اس قبیح فعل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اعظم سواتی اور ان کے اہل خانہ کو انصاف فراہم کریں اور مجرموں کو نشان عبرت بنائیں یہ سلسلہ نہ رکا تو اس ملک میں کسی کی عزت و ناموس محفوظ نہیں رہے گی۔