وحدت نیوز(میرپور)ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر کا اہم اجلاس زیر صدارت جماعت اسلامی کے مرکزی جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ منعقد ہوا جس میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید ناصرعباس شیرازی، سید ثاقب اکبر اور دیگر مذہبی جماعتوں کے راہنما شریک تھے اس موقع پر تنظیم نو کے ذریعے ملی یکجہتی کونسل آزاد کشمیر کے صدر، جنرل سیکرٹری اور کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔تنظیم نو کے بعد کانفرنس کا انعقاد ہوا جس سے مرکزی راہنماؤں نے مختلف مکاتب فکر کے درمیان اتحاد و وحدت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے کردار کو سراہا۔
کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے سید ناصر عباس شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کا سب سے بڑا مقصد تمام مکاتب فکر کے درمیان اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا ہے جس میں ملی یکجہتی کونسل پاکستان کا سفر کامیابی کے ساتھ جاری ہے مرکزی سطح پر تمام مذہبی جماعتوں کے قائدین اور عمائدین کا مل بیٹھنا نچلی سطح پر عام عوام میں مثبت اثرات کا باعث بنتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے لیے ملک دشمن عناصر جو بھی منفی ایجنڈا رکھتے ہیں ان میں ناکام ہوئے ہیں اور اس کامیابی کا سہرا ملی یکجہتی کونسل کے قائدین و کارکنان کے سر جاتا ہے، ملکی استحکام کے خلاف تمام تر حربوں کے خلاف یہ کانفرنس ایک دفاعی کامیابی ہے اور جن لوگوں نے اس میں اپنا کردار ادا کیا ہے وہ لوگ قابل قدر اور لائق تحسین ہیںاس موقع پر تمام راہنماؤں نے نو منتخب صدر اعجاز افضل، سیکرٹری تنظیم خان افضل کو مبارکباد دی اور اپنے تعاون کا مکمل یقین دلایا ہے۔