وحدت نیوز(جیکب آباد)مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع جیکب آباد کے گوٹھ سردار دریا خان جکھرانی کا تبلیغی دورہ کیا اور وہاں ایام فاطمیہ کی مناسبت سے سیدہ کائنات حضرت فاطمہ الزہراء سلام اللہ علیہا کی شخصیت کے موضوع پر خطاب کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سیدہ کائنات خاتون جنت کی ذات گرامی عالم بشریت کے لئے راہنما ہے۔ آپ کی ذات گرامی سے حضرت سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پاکیزہ کردار کی خوشبو آتی تھی آپ کی ذات اقدس رسول اسلام (ص)کے کردار کا آئینہ تھی۔ آپ کے دامن عصمت میں جن ھستیوں نے تربیت پائی وہ عالم انسانیت کے رہبر و رہنما قرار پائے۔
اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے فلاحی ادارے ہو از حسین کے تعاون سے متاثرین سیلاب اور مستحقین میں گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاشرے کے محروم اور مستضعف لوگوں کو ضرور یاد رکھنا چاہیے شدید سردی کے موسم میں غریب لوگوں کو سوئیٹر اور کمبل کی ضرورت ہے ان کی مدد باعث اجر و ثواب ہے۔اس موقع پر انہوں نے گوٹھ دریا خان جکھرانی میں زیر تعمیر مسجد کا معائنہ کیا جسے حالیہ بارش و سیلاب میں نقصان پہنچا۔