وحدت نیوز(اسلام آباد) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے شہدائے راہ وحدت کراچی شہید صفدرعباس ، شہید عبدالعلیم ہزارہ اور شہید علی شاہ موسوی کی نویں برسی اور شہید ِ بیداری ِ ملت عسکری رضا کی گیارہویں برسی کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں شہر قائد پر مسلط فاشزم اور تکفیریت کےمقابل شہدائے ملت جعفریہ کراچی کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ شہدائے کراچی نے اپنے پاکیزہ خون سے خوف کے بت کو توڑڈالا تھا۔ ان عظیم شہداء کی لازوال قربانیاں ملت تشیع کے لیئے جرائت، استقامت اور بیداری کے حصول کا ذریعہ بنیں ۔ شہرقائد میں مکتب تشیع کے عظیم فرزندوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے وطن عزیز کی سلامتی واستحکام کی راہ میں پیش کیئے لیکن ہم نے کبھی ریاست کے قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا ، شہیدعسکری رضا، شہید استاد سبط جعفر، شہید آغا آفتاب جعفری ،شہید علامہ دیدارجلبانی اور سینکڑوں شہداءکی لازوال قربانیاں ہمارے لیئے مشعل راہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین شہداء کے مقدس پیغام کی وارث اور امین جماعت ہے، ہماری جماعت ایک مسلک کی نمائندگی ضرور کرتی ہےلیکن ہماری جدوجہد کا محور کبھی فرقہ وارانہ سیاست نہیں رہی ۔ ہم نے اپنے قائد شہید کی فکر و فلسفے کی روشنی میں ہمیشہ ہر مظلوم کی حمایت کی چاہے وہ کافر ہی کیوں نہ ہو اور ہر ظالم کی مخالفت کی خواہ وہ شیعہ ہی کیوں نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم وطن عزیز پاکستان میں عادلانہ نظام حکومت کے نفاذ اور بیرونی مداخلت اور غلامی سے نجات کی جدوجہد اپنے خون کےآخری قطرے تک جاری رکھیں گے، یہ شہادتیں ہمارا ورثہ ہیں جو کربلا سے ہمیں ملا ہے،ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنے نجیب و کریم شہداءکی راہ کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور خود بھی اسی راہ پر چلتے ہوئے اپنی جانیں جان آفریں کے سپرد کریں گے۔ ایم ڈبلیوایم سال گذشتہ کی طرح اس سال بھی یکم تا 10 جنوری شہدائے راہ ولایت واستقامت کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ملک بھرمیں عشرہ تکریم شہداءعقیدت واحترام کے ساتھ منائے گی، ملک بھر میں مجالس عزا، کانفرنسز، سیمینارز، دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا جائےگا۔